راہل گاندھی کامودی سرکار پر نشانہ:چین سے ہماری زمین کب واپس لے گی حکومت ؟

نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی چین کی دراندازی کے بارے میں حکومت سے مسلسل سوالات کررہے ہیں۔ آج ایک بار پھر انہوں نے مودی سرکار کو نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ چین نے ہماری زمین لے لی ہے۔ حکومت ہند کب اس کو واپس لینے کا ارادہ کررہی ہے یا اسے ’ایکٹ آف گاڈ‘ کہہ کر چھوڑ ا جارہا ہے؟راہل گاندھی نے چین پر سرحدی تنازعہ کو لے کرحکومت پر متعدد بار جھوٹ بولنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ حال ہی میں مون سون اجلاس کے لئے منعقدہ کانگریس کے اجلاس میں بھی سرحد تنازعہ کوپارلیمنٹ میں اٹھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست گھیرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہے۔قابل غور بات یہ ہے کہ کورونا وائرس، معیشت، نوجوانوں کو روزگار اور سرحد پر تناؤ کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی مودی حکومت کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں۔