نئی دہلی:مشہور شاعر راحت اندوری کا انتقال ہوگیا۔ کوویڈ۔19 کی تصدیق کے بعد70 سالہ راحت اندوری کو رات گئے اسپتال میں داخل کرایاگیاتھا۔ جہاں انہوں نے آج آخری سانس لی ہے۔ سیاست ،فلم ،ادب کی مشہورشخصیات نے ان کی وفات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔راہل گاندھی ،راج ناتھ سنگھ ،نتیش کمار،شیوراج سنگھ چوہان اوراروندکجریوال نے تعزیت کااظہارکیاہے ۔راہل گاندھی نے لکھاہے کہ اب میں نہ میں ہوں اور نہ باقی ہیں زمانے میرے۔ پھربھی مشہورہیںشہروں میں فسانے میرے۔الوداع ، راحت اندوری صاحب۔وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے ان کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مقبول شاعر راحت اندوری کے انتقال کی خبر سے مجھے شدید رنج ہواہے۔ وہ اردو کی پرجوش شخصیت تھے۔ اپنی یادگار شاعری سے انہوں نے لوگوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ آج ادبی دنیا کو ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ان کے چاہنے والوں کے ساتھ میری تعزیت ہے۔مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ٹویٹرپرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھاہے کہ لاکھوں دلوں پر اپنی شاعری سے راج کرنے والے مشہور شاعر ہردل عزیز راحت اندوری کی موت مدھیہ پردیش اور ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں خدا سے دعاگوہوں کہ وہ ان کی روح کو سکون عطا کرے اور ان کے اہل خانہ اور پیاروں کو یہ بے حد غم برداشت کرنے کی توفیق عطاکرے۔شیو راج سنگھ نے شعر کے ذریعہ اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ راحت ، آپ ہمیں اس طرح چھوڑ دیں گے ، یہ سوچا نہیں تھا۔راہ کے پتھرسے بڑھ کرکچھ نہیں ہیں منزلیں ،راستے آوازدیتے ہیں،سفرجاری رکھو،ایک ہی ندی کے ہیں یہ دوکنارے ،دوستو،دوستانہ زندگی سے موت سے یاری رکھو۔آپ جس بھی دنیا میں ہیں ، سلامت رہیں ، سفرجاری ہے۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹویٹرپرلکھاہے کہ مشہورشاعر راحت اندوری صاحب کی موت کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔ آج ملک نے ایک عظیم شخصیت کھو دیاہے۔ ان کی روح کو سکون ملے اور کنبہ کو یہ غم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔