Home نقدوتبصرہ قرآن مجید سمجھ کر پڑھیں-(مولانا عتیق الرحمٰن اصلاحی) ۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

قرآن مجید سمجھ کر پڑھیں-(مولانا عتیق الرحمٰن اصلاحی) ۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

by قندیل

قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی تلقین و تاکید کے موضوع پر متعدد کتابچے پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک اہم کتابچہ ہمارے دوست مولانا عتیق الرحمٰن اصلاحی کا ہے۔

قرآن مجید کتابِ ہدایت ہے _ اس میں زندگی گزارنے کا طریقہ بتایا گیا ہے _ اسے اس لیے نازل کیا گیا ہے کہ اس کی تعلیمات پر عمل کیا جائے ، اس کے حکموں پر چلا جائے اور جن چیزوں سے روکا گیا ہے اس سے رک جایا جائے، لیکن افسوس کہ مسلمان ، جو اس پر ایمان لائے ہیں اور اس سے گہری عقیدت رکھتے ہیں ، ان کی بڑی اکثریت اسے پڑھتی ہی نہیں ہے اور جو پڑھتے ہیں ان میں سے بھی زیادہ تر بے سمجھے بوجھے محض تلاوت کرلینے پر اکتفا کرتے ہیں اور بار بار قرآن ختم کرنے کے باوجود انہیں قطعاً معلوم نہیں ہوپاتا کہ اس میں ان کے لیے کیا باتیں کہی گئی ہیں؟ انہیں کن باتوں کا حکم دیا گیا ہے؟ اور کن چیزوں سے روکا گیا ہے؟ قرآن شاید دنیا کی واحد کتاب ہے جسے سب سے زیادہ پڑھا جاتا ہے ، اسی طرح وہ دنیا کی واحد کتاب ہے جسے زیادہ تر بے سمجھے بوجھے پڑھا جاتا ہے _ ضرورت ہے کہ اسے سمجھ کے پڑھنے اور اس کے احکام اور تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی جائے۔

مولانا عتیق الرحمٰن اصلاحی بڑی ذی علم شخصیت کے مالک ہیں _ انھوں نے اسلامیات کے مختلف پہلوؤں پر کئی کتابیں تصنیف کی ہیں۔ اپنی نوجوانی ہی کے زمانے سے وہ جماعت اسلامی ہند سے وابستہ ہوگئے تھے اور مختلف سطحوں پر تنظیمی خدمات انجام دیتے رہے ہیں _ ان دنوں لڑکیوں کے ایک مدرسے ‘جامعۃ الطیبات’ ، طوی ، اعظم گڑھ کے مہتمم اور جماعت اسلامی ہند ضلع اعظم گڑھ کے ناظم ہیں۔

اس کتابچہ میں عظیم دینی شخصیات : شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ، ان کے صاحب زادگان : شاہ عبد العزیز اور شاہ عبد القادر ، شیخ الہند مولانا محمود حسن ، مولانا اشرف علی تھانوی ، مفتی محمد شفیع ، مولانا حسین احمد مدنی ، مولانا شبیر احمد عثمانی اور شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمہم اللہ کے اقوال نقل کیے گئے ہیں ، جن میں ان حضرات نے قرآن سمجھ کر پڑھنے پر زور دیا ہے۔ ابتدا میں جناب ماہر القادری کی مشہور نظم بہ عنوان ‘قرآن کی فریاد’ بھی شاملِ کتاب کردی گئی ہے۔

اس کتابچہ کو البدر بک سینٹر ، سرائے میر ، اعظم گڑھ ، اترپردیش نے شائع کیا ہے۔ (صفحات : 24 ، قیمت : 18 روپے) ضرورت ہے کہ اسے بہت بڑے پیمانے پر عام کرنے کی کوشش کی جائے۔ زیادہ تعداد میں منگوانے پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ مصنف کی اجازت سے اس کی پی ڈی ایف عام کی جارہی ہے۔ جو حضرات اس کے خواہش مند ہوں وہ میرے واٹس ایپ نمبر (9582050234 -91 +) پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

You may also like

Leave a Comment