Home نقدوتبصرہ قرآن فہمی کی مشق کیسے کریں؟ ۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

قرآن فہمی کی مشق کیسے کریں؟ ۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

by قندیل

جناب منصور آغا کے ذریعے ڈاکٹر راؤ عرفان احمد خاں کی کتاب ‘قرآن فہمی کی مشق’ آخری 30 سورتوں کے مطالعہ کا خاکہ (سورہ البروج تا سورۂ الناس) پاکر بہت خوشی ہوئی اور پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔

راؤ عرفان احمد صاحب علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں فلسفہ کے استاد تھے۔ ان کا شمار جماعت اسلامی ہند کے سرکردہ افراد میں ہوتا تھا۔ نوجوانوں میں بہت زیادہ مقبول تھے۔ میرے کان ان کے نام سے بچپن میں ہی آشنا ہوگئے تھے ، اس لیے کہ والد صاحب ان کا ذکرِ خیر کرتے رہتے تھے۔ انھوں نے میری تعلیم کے سلسلے میں ان سے مشورہ کیا تھا۔ عرفان صاحب امریکہ چلے گئے تھے۔ وہاں تعلیمی و تدریسی خدمات انجام دینے کے ساتھ انھوں نے ایک بین مذاہب فورم قائم کررکھا تھا، جس کے تحت مختلف پروگرام کرتے رہتے تھے۔

راؤ عرفان احمد صاحب کو قرآن فہمی عام کرنے کا جنون سا تھا۔ ان کا اٹھنا بیٹھنا ، ملنا جلنا ، سب قرآن کے حوالے سے ہوتا تھا۔ وہ علی گڑھ آتے تو علمی حلقوں میں ہلچل سی مچ جاتی۔ قرآنیات پر سمینار ، مجلسِ مذاکرہ ، درس قرآن اور دوسرے پروگرام ہوتے ، جن میں عرفان صاحب میرِ مجلس ہوتے ۔ وہ قرآن سے متعلق کسی موضوع پر بے تکان گھنٹوں بول سکتے تھے۔ میں نے بھی ایسے کئی پروگراموں میں شرکت کی ہے اور ان سے براہ راست استفادہ کا موقع ملا ہے۔

راؤ عرفان صاحب کی انگریزی زبان میں سورۂ الفاتحہ اور سورۂ البقرۃ کی تفسیر Reflections on the Quran کے نام سے شائع ہوئی ہے۔ یہ دوسری کتاب ہے ، جو قرآن مجید کی آخری 30 سورتوں کی تفسیر پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ کرنے کی خواہش انھوں نے بہت پہلے منصور آغا صاحب سے کی تھی ، جس کی تعمیل اب ہوسکی ہے۔

یہ کتاب یوں تو قرآن کی آخری 30 سورتوں پر ہے ، لیکن اس سے راؤ عرفان صاحب کے منہجِ فہمِ قرآن پر بہ خوبی روشنی پڑتی ہے۔ وہ نظمِ قرآن کے قائل تھے ، چنانچہ انھوں نے پورے قرآن کے کئی گروپس بنائے تھے اور ان کے درمیان نظم و ربط کی نشان دہی کرتے تھے۔

کتاب کی ابتدا میں انھوں نے قرآن فہمی کے لیے چند اہم امور کی نشان دہی کی ہے۔ اقسام القرآن کی توضیح کی ہے ۔ کچھ اصطلاحات کی وضاحت کی ہے۔ پھر ایک ایک سورت کی تفسیر بیان کی ہے۔ وہ پہلے سورت کے مشکل الفاظ کا ترجمہ کرتے ہیں ، پھر ایک ایک آیت کا ترجمہ کرتے ہیں ، اس کے بعد سورہ کے مرکزی موضوع کی نشان دہی کرتے ہیں ، آخر میں پوری سورت کی تفسیر کرتے ہیں ۔ کتاب کے آخر میں انھوں نے قرآن کی تمام سورتوں کے سلسلے میں ایک عمومی بحث کی ہے۔

جناب منصور آغا ایک کہنہ مشق صحافی ہیں۔ عرصہ تک اردو روزنامہ قومی آواز سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کے مضامین انگریزی ہفت روزہ ریڈینس میں بھی شائع ہوتے رہتے ہیں۔ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں پر انہیں قدرت حاصل ہے۔ اس کتاب کا انھوں نے بہت سلیس ترجمہ کیا ہے۔

یہ کتاب قرآن فہمی کے سلسلے میں ایک گائیڈ بک کی حیثیت رکھتی ہے _ امید ہے ، شائقین اس سے بھرپور استفادہ کریں گے _ جناب منصور آغا قابل مبارک باد اور لائق تحسین و ستائش ہیں جنھوں نے اس کا ترجمہ کرکے اردو خواں کو اس سے استفادہ کا موقع فراہم کیا۔
________________________
نام کتاب : قرآن فہمی کی مشق
مصنف : عرفان احمد خاں
مترجم : منصور آغا
صفحات : 272 ، قیمت : 280 روپے
یہ کتاب مترجم سے رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہے :
+91-9818678677

You may also like

Leave a Comment