بائیسویں کل ہند مسابقہ حفظ و قرأت قرآن کریم ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں 8-11 اکتوبر 2022 کو منعقد ہوا جس میں حکم کے فرائض انجام دینے کے لیے شہر بھوپال کے حافظ و قاری محمد ہاشم انصاری کو مدعو کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز ایران سے تشریف لائے قاری عباس ہاشمی کی تلاوت سے ہوا۔ پروگرام میں قاری محمد ہاشم انصاری کو ہندوستان میں ایران کے سفیر ایرج الہی اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے سابق صدر پروفیسر اختر الواسع کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا ۔ اس محفل میں ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی اور ہمالیہ ڈرگس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق صاحب، ایران کے ثقافتی امور کے منسٹر ڈاکٹر علی رضا، ایران کلچرل کاؤنسلر ڈاکٹر علی ربانی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
قاری ہاشم انصاری کا تعلق شہر بھوپال کے ممتاز قرآنی خاندان سے ہے۔ آپ قرأت قرآن کی شہرہ آفاق شخصیت حضرت مولانا محمد قاسم انصاری صاحب مرحوم کے برادر اصغر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ آپ نے خود بھی عہد طفلی میں ایران کلچر ہاؤس کے زیر اہتمام کل ہند مسابقہ حفظ قرآن کریم میں دو بار اول انعام حاصل کرنے کے ساتھ دو بار ایران میں منعقد ہونے والے عالمی قرآن مسابقوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔اس کے علاوہ آپ ملیشیا ، مصر اور مکہ مکرمہ کے عالمی قران مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فی الحال آپ شہر بھوپال کے ایک مؤقر علمی ادارہ ایل جی ایس اسکول میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کل ہند مسابقہ میں مدھیہ پردیش کی نمایندگی مدرسہ قدسیہ،شاہی جامع مسجد ،بھوپال کے طالب علم محمد زبیر ولد محمد نعمان خان نے کی۔