قدیم خانقاہ گلزاررحیمی رائے پور میں تذکرۃ الرحیم نامی کتاب کا اجراء

اصلاح وتربیت میں خانقاہ رائے پور کے نقوش گہرے ہیں:مولانا نسیم اختر شاہ قیصر

دیوبند،31؍ مارچ(سمیر چودھری)
علاقہ کی مشہور و قدیم خانقاہ گلزاررحیمی رائے پور میں آج اس کے بانی اور دارالعلوم دیوبند ومظاہرعلوم سہارن پور جیسے مرکزی اداروں کے سابق سرپرست مولاناشاہ عبدالرحیم رائے پوری کے افکار وخدمات پر مبنی کتاب کا اجرا ایک سادہ سی تقریب میں انجام پذیر ہوا، دریں اثنا تذکرۃ الرحیم نامی اس کتاب کا تعارف کراتے ہوئے اس کے مرتب اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے اسکالر مولانابدرعالم رائے پوری نے خانقاہ رائے پور کے قیام اور اس کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔انہوں نے خانقاہ کے بانی مولاناشاہ عبدالرحیم قدس سرہ کو انیسویں صدی کے اواخر کی عظیم دینی وروحانی شخصیت بتایا، مولانابدرعالم ندوی نے مزید کہا کہ بانیان دیوبند بھی حضرت رائے پوری پر اپنی شفقتیں نچھاور کرتے تھے اور آزادی وطن کی تحریک ودینی مقاصد میں باہم متحد تھے۔ تذکرۃ الرحیم نامی کتاب بھی ان مضامین کا ایک مختصر مجموعہ ہے جو مولاناعاشق الہی میرٹھی نے تذکرۃ الرشیداور تذکرۃ الخلیل میں حضرت رائے پوری پر قلم برداشتہ لکھے ہیں اورجن کے پڑھنے میں قاری کو دعوت فکروعمل کی تحریک نصیب ہوتی ہے۔دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانانسیم اختر شاہ قیصر نے کہا کہ سماج کی اصلاح وتربیت میں خانقاہ رائے پور کے نقوش گہرے ہیں یہاں کے جیالوں نے اپنے اپنے ادوار میں دین وملت کی سرفرازی کا بنیادی کام کیا ہے حضرت شاہ عبدالرحیم رائے پوری بلاشبہ ان سب پر فائق تھے، اسیلئے میرے جدبزرگوار علامہ انور شاہ کشمیری نے فرمایا کہ مجھے دین حضرت شیخ الھند اور حضرت رائے پوری کے یہاں نظرآیا، انہوں نے مرتبِ کتاب مولانابدرعالم کو بھی مبارک باد پیش کی۔جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ کے استاذ مفتی محمدساجدکھجناوری نے کہا کہ دین کی جامعیت کیساتھ خدمت خلق خانقاہ رائے پور کا امتیاز رہا ہے یہاں کے مشائخ نے اخلاص وفنائیت کے ساتھ معرفت کے جو چراغ روشن کیے ان کی لو ہنوز برقرار ہے، اس موقعہ پر مولاناعبدالاحد قاسمی اور مولانافتح محمد ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، خانقاہ کے ناظم ومتولی شاہ عتیق رائے پوری کی دعاپر تقریب کا اختتام ہوا۔ اس موقعہ پر قاری زبیر احمد قاری مصروف رحیمی اور راؤ فضل الرحمن بھی موجود تھے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*