اتراکھنڈ: پشکر سنگھ دھامی کے وزیر اعلیٰ بننے پر بی جے پی میں اندورنِ خانہ تنازع

دہرادون:اتراکھنڈ میں سیاسی اکھاڑپچھاڑ کے درمیان پشکر سنگھ دھامی کو حکمراں پارٹی کا قائد منتخب کرلیا گیا ۔ دھامی نے آج شام تیرتھ سنگھ راوت کی جگہ ریاست کے نئے وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ بی جے پی کے کچھ سینئر رہنما دھامی کے وزیر اعلیٰ بننے سے خوش نہیں ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ستپال مہاراج ، مدن کوشک ، سبودھ انیال ، ہرک سنگھ راوت ، بشن سنگھ چوپال اور یش پال آریہ جیسے رہنماؤں نے اتراکھنڈ بی جے پی اور ہائی کمان سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اتراکھنڈ بی جے پی انچارج دشینت کمار گوتم نے ان قائدین سے ملاقات کی ہے ، تاکہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو اس کا بروقت حل کیا جاسکے۔ صرف یہی نہیں اتراکھنڈ بی جے پی کے سینئر لیڈر دھن سنگھ راوت اور نینی تال کے ممبر پارلیمنٹ اجے بھٹ بھی سبودھ انیال سے میٹنگ کر رہے ہیں۔ اسی دوران ذرائع کے مطابق کابینہ کے وزرا ہرک سنگھ راوت اور ست پال مہاراج کی بھی آپس میں ایک میٹنگ ہوئی ہے ۔تیرتھ سنگھ راوت حکومت میں کابینہ کے وزیرر ہے بنسی دھر بھگت نے کہا کہ کوئی بھی ایم ایل اے ناراض نہیں ہے، یہ محض ایک افواہ ہے اور ہر کوئی حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہیں پڑھا ہے کہ 35 ممبران اسمبلی دہلی پہنچ چکے ہیں، یہ ساری خبریں محض افواہیں ہیں ، پارٹی کے تمام نیتا متحد ہیں۔ اس کے علاوہ بنسی دھر بھگت نے کہا کہ اگر پارٹی نے حکومت کی باگ ڈور پشکر سنگھ دھامی کے حوالے کیا ہے ، تو یقینا اچھی تبدیلی نظر آئے گی، پوری حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اجلاس میں انتخابات لڑنے کے طریقۂ کار کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ہم اس پر عمل کریں گے۔ صرف سی ایم کا چہرہ ہی بدلا ہے ، باقی سوچ بی جے پی کی ہے۔