پنجاب میں ناراض کسانوں نے دسہرہ کے موقعے پر راون کے بجائے مودی کے پتلے جلائے

چنڈی گڑھ:پنجاب میں سکھوں نے روایتی تہوار دسہرہ منانے کے دوران شیطان راون کو نذر آتش کرنے کی روایت کو توڑتے ہوے اس بار وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے جلا دیے۔کل پورے ملک میں دسہرہ کا تہوار منایا گیا جس میں سب سے بڑے شیطان راون کو جلا کر بھسم کیا جاتا ہے اور صدیوں سے یہ روایت جاری ہے لیکن اس سال پنجاب میں سکھوں نے شیطان راون کے بجائے مودی کے پتلے جلادیے۔ اس حوالے سے کسان یونین کے عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی بھارت کے لیے سب سے بڑا شیطان ثابت ہوئے ہیں اس لیے دسہرہ کے موقع پر اس بڑے شیطان کو جلانے سے ملک میں سکون ہو جائے گا۔دسہرہ کے موقع پر پنجاب کی مقامی تنظیموں کی جانب سے بھٹنڈہ، ترن تارن، فیروز پور، امرتسر وغیرہ میں علاقائی مکینوں میں مودی کے پتلے مفت تقسیم کیے گئے اور عوام نے مختلف مقامات پر لے جاکر ان پتلوں کو جلا یا۔