نئی دہلی: فاؤنڈیشن آف سارک رائٹرس اینڈ لٹریچر کے تحت اکیڈمی آف فائن آرٹس اینڈ لٹریچر کے خوبصورت آڈیٹوریم میں چہار روزہ ’’سارک کانفرنس‘‘ کا آغاز فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن اور پنجابی زبان کی مشہور ناول نگار محترمہ اجیت کور کی صدارت میں ہوا۔ جس میں ہندوستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، مالدیپ، نیپال اور بھوٹال کے ڈیلیگیٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہندوستان سے ڈاکٹر تارا گاندھی بھٹا چارجی (مہاتما گاندھی کی پوتی)، پروفیسرشہپر رسول، ڈاکٹر انامکا، ڈاکٹر ونیتا اور محترمہ ارندھتی سبرامنیم، بنگلہ دیش سے ڈاکٹر وملا گوہا، سری لنکا سے ڈاکٹر تھمیرا منجو اور نیپال سے جناب بندھن آچاریہ کو ادبی خدمات کے لیے ایوارڈ پیش کیے گئے۔
پروفیسر شہپر رسول کو اردو زبان و ادب خصوصاً ان کی شعری خدمات کے لیے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ سپاس نامے میں ان کی مجموعی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کو حاصل ہونے والے دیگر ایوارڈوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس تقریب میں موجود مختلف زبانوں کے ادیبوں نے پروفیسر شہپر رسول کو مبارکباد پیش کی اور اردو والوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔