Home قومی خبریں پروفیسر نجمہ رحمانی کے انتقال پر غالب انسٹی ٹیوٹ کا اظہار تعزیت

پروفیسر نجمہ رحمانی کے انتقال پر غالب انسٹی ٹیوٹ کا اظہار تعزیت

by قندیل

دہلی: اردو کی معروف اسکالر اور شعبۂ اردو دہلی یونیورسٹی کی سابق صدر پروفیسر نجمہ رحمانی کے انتقال سے ادبی معاشرے میں غم و افسوس ی لہر ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فعال ادیبہ کے طور پر ہم سب کو متاثر کرتی تھیں۔ وہ ہمیشہ اپنے شاگردوں کے لیے فکر مند رہتی تھیں اور مستقبل میں انھیں اچھے مقام پر دیکھنا چاہتی تھیں۔ ابھی ان سے بہت ساری توقعات وابستہ تھیں جنھیں ان کی بے وقت موت نے مایوسی میں بدل دیا ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ وہ ادب کے ساتھ سماجی معاملات میں بھی بہت پیش پیش رہتی تھیں۔ ان میں ایک مضبوط خاتون کا عکس نظر آتا تھا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ سے ان کا گہرا تعلق رہا یہاں کے سمیناروں میں وہ مقالہ نگار اور صدر اجلاس کی حیثیت سے اکثر شرکت کرتی تھیں۔ مجھے یاد آتا ہے کہ ان کی کتاب ’اردو افسانے کا سفر‘ پر یہاں بہت عمدہ مذاکرہ ہوا تھا۔ ان کا جانا اردو ادب کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں اپنی اور ادارے کی جانب سے ان کے پسماندگان اور طلبا کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا گو ہوں۔

You may also like