Home قومی خبریں پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سولہویں وائس چانسلر کی حیثیت سے چارج سنبھالا

پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سولہویں وائس چانسلر کی حیثیت سے چارج سنبھالا

by قندیل

نئی دہلی : پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سولہویں شیخ الجامعہ کی حیثیت سے آج جوائن کیا۔اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے شیخ الجامعہ کے دفتر کے احاطے میں ان کاپر خلوص استقبال کیا۔جوائن کرنے کے فوراً بعد وہ یونیورسٹی کیمپس میں موجود برگیڈیر عثمان کے مقبرے پر گئے اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔وہ جامعہ کے اولین شیخ الجامعہ ہیں جو یونیورسٹی جوائن کرنے کے فوراً بعد برگیڈیر عثمان کے مقبرے پر انھیں خراج پیش کرنے گئے۔برگیڈیر عثمان کونوشیرا کا شیر‘بھی کہا جاتاہے وہ ہندوستانی فوج میں اعلی عہدے پر فائز تھے اور انیس سو سینتالیس۔اڑتالیس کی ہند پاک جنگ میں شہید ہوگئے تھے۔

پروفیسر آصف نے یونیورسٹی کیمپس میں واقع سابق صدرجمہوریہ ہندڈاکٹر ذاکر حسین اور جامعہ کے بنیاد گزار ڈاکٹر ایم۔اے۔انصاری کے مقبروں پر جاکر انھیں گلہائے عقیدت نذر کیے۔

شیخ الجامعہ نے اپنے دفتر کے ہال میں جامعہ کے ڈینز،کارگزار مسجل اور جامعہ کے دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔انھوں نے یونیورسٹی کے انتظامی بلاک میں موجود دفاتر کا بھی دورہ کیا اور غیر تدریسی عملے سے بھی ملاقات کی۔

شیخ الجامعہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی مقصد اور نصب العین ہے کہ جامعہ کو انتہائی بلندی پر لے جایا جائے۔انھوں نے اس بات پر زور دیاکہ وہ ایک طالب علم اور ملازم مرکوز ذہن کے شخص ہیں۔انھوں نے کہا کہ ”طلبا کو بہترین اقامت گاہیں،کھانا اور تحفظ فراہم کرانا ہماری ذمے داری ہے۔آپ کے تعاون سے ہم یہ کام کرپائیں گے اور جامعہ کو نئی اونچائی تک لے جانے کی سعی کریں گے۔ اور جب ہم ساتھ مل کر کام کریں گے تو رب کریم ہماری اعانت کرے گا“۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ تنقید کا خیر مقدم کرتاہوں لیکن ساتھ ہی بہتر اور مخلصانہ مشوروں کی امید بھی کرتاہوں لہذا اپنے مسائل مجھ سے بتائیں اور ساتھ ہی ان کا حل بھی بتائیں تاکہ چیزوں کو مزید بہتر کیا جاسکے۔“

تقریر کے آخر میں انھوں نے ’آپ سب کا،جامعہ برادری کا،حکومت ہند کا اور تمام احباب کا میں دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں۔

واضح ہو کہ چوبیس اکتوبر دوہزار چوبیس کو صدرجمہوریہ ہند نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وزیٹر کی حیثیت سے اسکول آف لینگویج،لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نئی دہلی کے پروفیسر مظہر آصف کو جامعہ کا وائس چانسلر مقرر کیا تھا۔انھیں یونیورسٹی جوائن کرنے کی تاریخ سے پانچ سال کی میعاد یا ستر سال کی عمر تک (جو بھی پہلے ہو) وائس چانسلر بنایا گیا ہے۔

You may also like