پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ میں ایک روپیہ جرمانہ جمع کرایا

نئی دہلی:سینئروکیل پرشانت بھوشن نے توہین عدالت کیس میں جرمانہ جمع کرادیا ہے۔ انہوں نے ڈرافٹ کے ذریعے رقم اداکردی ہے۔ جرمانہ جمع کروانے سے قبل انہوں نے کہا کہ جرمانہ جمع کروانے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں،ہم آج اس معاملے میں نظرثانی کی درخواست دائر کررہے ہیں۔انھوں نے فیصلے پرنظرثانی کی درخواست بھی داخل کی ہے ۔بھوشن نے کہاہے کہ ایک فنڈتشکیل دیاجارہاہے جس کے پیسے اس کے لیے استعمال ہوں گے جنہیں حکومت کے خلاف بولنے پرہراساں کیاجارہا ہے۔ہندوستان میں حکومت اپنے خلاف بولنے والوں کو خاموش کرنے کے لیے ہر طرح کے حربے اپنا رہی ہے۔جرمانے کی ادائیگی سے قبل پرشانت بھوشن نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ عمر خالد اور اپنی آواز بلند کرنے والے دیگر افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ایسے لوگوں کی مددکے لیے ہر ایک کے ذریعہ ایک روپیہ جمع کرکے ایک فنڈ تشکیل دیا جارہا ہے۔