دہلی : پی ایم مودی کی تنقید پر مبنی پوسٹر آویزاں ، ۱۵؍ گرفتار

نئی دہلی : کرونا ویکسی نیشن مہم کے پس منظر میں پی ایم نریندر مودی کیخلاف مبینہ تنقیدپر مبنی پوسٹر آویزاں کیے جانے پر دہلی پولیس نے 17 ایف آئی آر درج کیاہے ، نیز 15 افراد کوبھی گرفتار کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ پوسٹرز شہر کے کئی حصوں میں آویزاں کیے گئے تھے۔ ان بینر میں لکھا تھا ’’مودی جی! ہمارے بچوں کے ویکسین بیرون ملک کیوں بھیج دیے؟ ‘‘حکام نے بتایا کہ جمعرات کو پولیس کو ان پوسٹروں کے بارے میں اطلاع ملی تھی ، جس سے اعلیٰ عہدیداروں کو مطلع کیا گیا۔ شکایات کی بنیاد پر دہلی پولیس نے مختلف اضلاع میں 17 ایف آئی آر درج کیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اگر اس سلسلے میں مزید شکایات موصول ہوتی ہیں ،تو مزید ایف آئی آر درج کیے جائیں گے ، فی الحال یہ معلوم کرنے کےلیے تفتیش جاری ہے کہ یہ پوسٹر کس کی ایماء پر شہر کے مختلف مقامات پر لگائے گئے تھے،اس معاملے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ شمال مشرقی دہلی میں تین ایف آئی آر درج کی گئے اور دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مغربی دہلی میں تین اور بیرونی دہلی میں تین ایف آئی آر درج کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے وسطی حصہ میں دو ایف آئی آر درج کی گئے، اور چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ روہنی میں دو ایف آئی آر درج کئے گئے ، اور دو افراد کو گرفتار کیا گیا ، جبکہ ایک ایف آئی آر مشرقی دہلی میں درج کیا گیا،اور چار افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوارکا میں ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ، اور دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔