Home قومی خبریں پیگاسس جاسوسی معاملے میں ممتا بنرجی نے بنائی جانچ کمیشن ، مغربی بنگال ایسا کرنے والی پہلی ریاست بنی

پیگاسس جاسوسی معاملے میں ممتا بنرجی نے بنائی جانچ کمیشن ، مغربی بنگال ایسا کرنے والی پہلی ریاست بنی

by قندیل

کولکاتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے پیگاسس جاسوسی معاملے میں انکوائری کمیشن قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ انکوائری کمیشن دو ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل ہے، جو مغربی بنگال میں فون ہیکنگ، ٹریکنگ اور فون ریکارڈنگ کے الزامات کی تحقیقات کریں گے۔ ممتا نے یہ فیصلہ دہلی جانے سے پہلے کابینہ کے اجلاس میں لیا ہے۔ ممتا نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کے لئے ایک مرکزی کمیشن تشکیل دیا جائے لیکن مرکزی حکومت کچھ نہیں کررہی ہے۔
سپریم کورٹ کے سابق جج مدن لوکور اس کمیشن کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ کلکتہ ہائی کورٹ کے سابق جج جیوترموئی بھٹاچاریہ دوسرے ممبر ہوں گے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ پیگاسس کے ذریعہ عدلیہ اور سول سوسائٹی سمیت ہر کوئی نگرانی میں ہے، ہمیں توقع تھی کہ پارلیمنٹ سیشن کے دوران مرکز سپریم کورٹ کی نگرانی میں تفتیش کرے گا لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔ مغربی بنگال کمیشن بنانے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ممتا نے کہا کہ پینل تحقیقات کرے گا کہ ہیکنگ کس نے کی؟ انہوں نے یہ کیسے کیا اور لوگوں کی آوازوں کو کیوں دبایا جارہا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت پینل تشکیل دیا جارہا ہے۔ دہلی جانے سے پہلے ابھی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا ہے۔ممتا بنرجی آج دہلی روانہ ہو ئیں۔ وہ 28 جولائی کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والی ہیں۔ دہلی روانگی سے قبل مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایاتھا۔ امکان ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران حزب اختلاف کے متعدد لیڈران سے بھی ملیں گی۔

You may also like

Leave a Comment