پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری

نئی دہلی:ملک میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ آج تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل دوسرے دن خوردہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ آج پٹرول کی قیمت میں 28 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل اتوار کے روز پیٹرول کی قیمت میں 27 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 29 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے سے اور یورپی ممالک میں نقل وحمل کی وجہ سے بین الاقوامی کروڈ مارکیٹ میں تیزی کا آئی ہے اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے گھریلو قیمتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ 4 مئی سے کل 21 دن قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران پٹرول 4.99 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے، جبکہ ڈیزل 5.44 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔آج کے اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول کی قیمت 95.31 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل 86.22 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ ممبئی کے بارے میں بات کریں تو یہاں پیٹرول 101.52 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 93.98 روپے  فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ چنئی میں پٹرول 96.71 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 90.92 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت 95.28 روپے اور ڈیزل کی قیمت 89.07 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔پٹنہ میں پٹرول 97.43 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 91.51 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ لکھنؤ میں پٹرول 95.56 روپے اور ڈیزل 86.62 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔