پشاور : مدرسہ میں بم دھماکہ،۷؍طلبا جاں بحق ،۷۰؍ زخمی

پشاور :پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے ایک مدرسہ میں مشکوٰۃ کے درس کے دوران دلخراش دھماکہ کے باعث سات افرادجاں بحق اور 70 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ پشاور کے رنگ روڈ پر واقع دیر کالونی میں واقع مسجد و مدرسہ کے احاطے میں اس وقت دھماکہ ہوا جب وہاں موجود افراد درس و تدریس میں مشغول تھے۔ دھماکے کے بعد مسجد کو شدید نقصان پہنچا جب کہ زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔وزیرِ صحت تیمور سلیم کے مطابق دھماکہ میں سات لوگوں کی موت ہوئی ہے ، جب کہ 72 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔تاہم عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ۱۰؍ سے متجاوز ہے۔غور طلب ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اب تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا البتہ عینی شاہدین کے مطابق یہ ایک دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ تھا۔عینی شاہدین کے مطابق درس کے دوران ایک شخص مبینہ طور پر آکر ایک بیگ مسجد کے احاطے میں رکھ کر فرار ہو گیا تھا جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار اور مختلف فلاحی تنظیموں کے رضاکار موقع پر پہنچے جس کے بعد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*