پٹنہ لٹ فیسٹ کا پروگرام 13 ؍مارچ کوپٹنہ میں

یہ لِٹ فیسٹ کا پانچواں ایپی سوڈ ہوگا، اس پروگرام میں بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر شبینہ ادیب ، این ڈی ٹی وی کی صحافی نغمہ سحر اور پریرنا پرتاپ کی خصوصی شرکت ہوگی

پٹنہ:معروف پٹنہ لِٹ فیسٹ کا پانچواں ایپی سوڈ ” ایڈوانٹیج روبرو” آئندہ 13 مارچ کو شام 7.00 بجے سے پٹنہ کے ہوٹل موریہ میں ہوگا۔ جس میں ملک اور بیرون ملک کی مشہور شاعرہ شبینہ ادیب شرکت کریں گی۔ معروف ماڈریٹر اور این ڈی ٹی وی کی نیوز ریڈر نغمہ سحر ادب۔تہذیب اور شعر و شاعری پر بات کریںگی۔اس پروگرام کی نظامت دوردرشن کی اینکر پریرنا پرتاپ کریں گی۔بہار کے اس خوبصور ت پروگرام کو لیکر لوگوں میں کافی جوش ہے۔ اس پروگرام کےلیے مقررہ 300 نشستوں کی بکنگ شروع ہوچکی ہے۔ جن میں زیادہ تر نشستوں کی پیشگی بکنگ ہو چکی ہے۔ ٹکٹ کے لیے ممبران سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔ پروگرام میں بغیر ٹکٹ داخلہ ممنوع ہے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کےلیے کور کمیٹی کے کئی دور کی میٹنگیں ہو چکی ہیں اور اس کو کامیاب بنانے کےلیے تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔
یہ جانکاری دیتے ہوئے ایڈوانتیج لِٹ فیسٹ منعقد کرنے والی کمپنی ایڈوانٹیج سپورٹ کے سکریٹری خورشید احمد نے بتایا کہ پروگرام کو کامیاب بنانے کےلیے ایڈوانٹیج سپورٹ کے صدر و معروف سرجن ڈاکٹر اے اے حی کی صدارت میں پٹنہ لٹ فیسٹ کی کئی میٹنگیں ہو چکی ہیں ۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے کئی سب کمیٹیوں کی تشکیل دی گئی تھی اور اس سلسلے میں سب کمیٹیوں کی میٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پٹنہ لٹ فیسٹ کے چیر مین فیضان احمد ، ڈاکٹر اسعد اللہ ، محمد معز الدین ، ایس آر ایف یوسف ، عبید الرحمٰن، ڈاکٹر انوارالہدیٰ، ڈاکٹر وقار احمد، فہیم احمد، نورالہدیٰ، اعجاز حسین، خالد رشید، انوپ شرما ، آیوش کیسری، ڈاکٹر راج کمار ناہر، ڈاکٹر کشور سنہا وغیرہ زبردست محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2019 سے شروع اس لِٹ فیسٹ کے چار ایپی سوڈ پورے ہوچکے ہیں۔ کورونا کے دور میں کئی ورچوئل پروگرام منعقد کیے گئے تھے۔ اس پروگرام کی میزبانی کےلیے ہوٹل موریہ نے اسپانسر کیا ہے ۔ ہوٹل موریہ کے جنرل منیجر بی ڈی سنگھ نے کہا کہ پٹنہ لٹ فیسٹ کے ذریعے ادب و تہذیب کے فروغ میں ہم لوگوں نے بھی قدم بڑھائے ہیں۔ شائقین ادب کےلیے ہوٹل موریہ پیش پیش ہے ۔ ہوٹل موریہ شروع سے ایسے پروگراموں کے انعقاد میں اپنا اہم رول ادا کرتا رہاہے ۔