پارتھیو پٹیل نے کرکٹ سے سبکدوشی کااعلان کیا

نئی دہلی:ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین پارتھیو پٹیل نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ 35 سالہ کرکٹر نے ہر طرح کی کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اب وہ کمنٹیٹر، کوچنگ اور دیگر چیزوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر انہیں کسی غیر ملکی لیگ میں کھیلنا ہے تو وہ کھیلنے کے اہل ہوں گے، کیونکہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ یعنی بی سی سی آئی کھلاڑیوں کو کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا ہے، جو کسی بھی طرح سے ہندوستانی کرکٹ کا حصہ ہے۔بائیں ہاتھ کے بلے باز پارتھیو پٹیل نے 17 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تھی۔ وہ کچھ عرصہ تک ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے، لیکن پھر جب مہندر سنگھ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ میں آئے تو انہیں ٹیم سے باہر ہونا پڑا ۔ بعد میں انہیں وکٹ کیپر بیٹسمین کے دوسرے متبادل کے طور پردیکھا گیا۔ تاہم اس درمیان انہیں کچھ مواقع ملے، لیکن وہ مستقل جگہ نہیں بناسکے۔ اس سال بھی آئی پی ایل میں انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا جبکہ گزشتہ سال وہ رائل چیلنجرز بنگلور یعنی آر سی بی کے نائب کپتان تھے اور انہوں نے تمام میچ کھیلے تھے۔ پارتھیو پٹیل جنہوں نے 17 سال کی عمر میں 2002 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبو کیا تھا، انہوں نے ملک کے لیے مجموعی طور پر 25 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ اسی دوران 38 ون ڈے میچوں کے علاوہ وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بھی سنچری پارتھیو پٹیل کے نام نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 934 رنز اور ون ڈے کرکٹ میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 736 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 139 آئی پی ایل میچوں میں 13 نصف سنچریوں کی مدد سے 2848 رنز بنائے ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*