آن لائن پروگراموں کے کورسز چلانے کے لیے اے ایم یو کو یو جی سی سے منظوری ملی

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سنٹر برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم (سی ڈی او ای) کو زیادہ سے زیادہ مکمل آن لائن تعلیمی پروگرام شروع کرنے کے لیے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے منظوری دے دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یو جی سی نے 38 یونیورسٹیوں کو آن لائن پروگراموں کے کورسز چلانے کی منظوری دی ہے، جس میں تین سنٹرل یونیورسٹیاں جے ایم آئی، جے این یو اور اے ایم یو شامل ہیں۔ سی ڈی او ای (اے ایم یو) کو آن لائن پروگراموں کے کورسز چلانے کی منظوری ملی ہے جو تمام یونیورسٹیوں میں سب سے زیادہ ہے۔یو جی سی نے اُن سبھی اعلٰی تعلیمی اداروں کو مکمل آن لائن کورسز شروع کرنے کی اجازت دی ہے جو یو جی سی آن لائن ریگولیشن 2020 کی مطلوبہ ضروریات پوری کرتے ہیں۔یو جی سی نے آن لائن پروگراموں کی ایکسپرٹ کمیٹی سے منظوری ملنے کے بعد مورخہ 11 جون 2021 کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی نے آن لائن پروگراموں کا آغاز کیا ہے۔ وائس چانسلر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اے ایم یو معاشرے کے ہر طبقے کے طلبا کو ایک کفایتی فیس ڈھانچے کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرے گی، تاکہ تعلیم ملک کے ہر دروازے تک پہنچ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن کورسز کے لئے بیرون ملک سے طلبہ کو داخلہ دینے کا منصوبہ ہے۔یونیورسٹی نے یو جی سی سے منظور شدہ آن لائن کورسز کے لئے آن لائن داخلہ عمل شروع کردیا ہے۔ تفصیلات ویب سائٹ www.cdeamu.ac.in پردستیاب ہیں۔