شاہ فیصل ایوارڈ کے لیے نامزدگی کا اعلان،تخلیقی کاوشیں مارچ 2022 تک بھجوائی جا سکتی ہیں

ریاض :جنرل سیکریٹریٹ شاہ فیصل بین الاقوامی ایوارڈ نے پانچ شعبوں میں امیدواروں سے اپنی منفرد تخلیقی کاوشوں کی نامزدگی سے متعلق درخواستیں طلب کر لی ہیں- تخلیقی کاوشوں سے متعلق نامزدگیاں مارچ 2022 کے آخر تک ارسال کی جا سکتی ہیں-شاہ فیصل ایوارڈ کے سکریٹری ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل کے مطابق ایوارڈ کمیٹیاں ہر سال چار شعبوں میں سے ہر ایک کے لیے کسی علمی موضوع کا تعین کرتی ہیں۔ اس مرتبہ اسلامی مطالعات ایوارڈ کے لیے اسلامی فن تعمیر، عربی زبان و ادب کے لیے جدید نظریات اور قدیم عربی روایت، میڈیکل کے لیے وباؤں اور ویکسین جبکہ سائنس کے لیے کیمسٹری کا تعین کیا گیا ہے۔ڈاکٹر السبیل نے بتایا کہ اسلامی خدمات ایوارڈ اعزازی ہے۔ یہ اسلام اور اس کے پیرو کاروں کی فکری، علمی اور سماجی خدمت میں قائدانہ کردار ادا کرنے والی کسی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔السبیل نے یاد دلایا ہے کہ شاہ فیصل انعام کے لیے نامزدگیاں جامعات، علمی مراکز، اداروں اور تنظیموں کی جانب سے مارچ 2022 تک وصول کی جائیں گی۔انھوں نے بتایا کہ نامزدگیاں فضائی ڈاک، ای میل یا ایوارڈ ای گیٹ www.kingfaisalprize.org/nomination کے ذریعہ مقابلے میں شرکت کے لیے بھجوائی جا سکتی ہیں۔مزید معلومات شاہ فیصل ایوارڈ کے ویب پورٹل www.kingfaisalprize.org سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔