مظفرپور(عبدالخالق قاسمی): آج مدرسہ طیبہ منت نگر مادھوپور مظفرپور کے احاطہ میں اٸمہ و خطباے مساجد کے لٸے یک روزہ تربیتی ورک شاپ بعنوان اصلاح معاشرہ میں اٸمہ مساجد و خطبا کا کردار منعقد ہوا۔ اس تربیتی اجتماع سے فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لإ بورڈ نے آن لاٸن کلیدی خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ یہ حقیت ہے کہ مسجد مسلم سماج کے لٸے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں معاشرے کی تعمیر اور ملت کے تمام کام کو انجام دینے کے لٸے مسجد کو مرکز بنایا۔ہم مسجد کے ذریعہ اسلام کی دعوت اور مسلم سماج کی اصلاح کے کام کو بہتر طور سے کر سکتے ہیں۔انہوں نے امام اور عوام کی ذمہ داری یاد کراتے ہوٸے کہا کہ امام نہ صرف پنج وقتہ نمازوں کا امام ہوتا ہے بلکہ وہ پورے مسلم محلے کا نماٸندہ، رہبر اور قاٸد ہوتا ہے۔اس لٸے امام ایسا ہو جو قرآن کریم کو اچھی طرح پڑھ سکے اور اس کے معانی اور مفاہیم سے اچھی طرح واقف ہو اور وہ قرآن کی تلاوت کا ذوق بھی رکھتا ہو۔وہ احکام شرعیہ سے اچھی طرح واقف ہو، امام کو محتاط اور متقی ہونا چاہیے۔امام پوری سماجی زندگی کا ضامن ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوٸے کہا کہ عام طور پر ہمارے یہاں جمعہ سے پہلے امام خطاب کرتے ہیں۔جمعہ کے خطاب سے بہتر کوٸی ذریعۂ ابلاغ نہیں۔اس کے سماج پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔امام کو چاہیے کے ہفتہ میں دو دن درس قرآن کی محفل رکھیں، جس میں عوامی درس ہو ان کی ضرورت کے حساب سے آیات کی تعیین کی جاٸے۔دو دن درس حدیث بھی ہو جس میں عقاٸد سے متعلق بیانات ہوں ۔ہفتہ میں کم ازکم ایک دن سیرت نبوی کا بھی درس ہو۔آج ہماری نٸی نسل سیرت پاک سے نا بلد ہے۔شرعی و فقہی مساٸل پر بھی درس ہو۔جس میں وضو کے فراٸض غسل کے فراٸض نماز کے فراٸض واجبات،مکروہات ، مفسدات رمضان میں روزے کے مساٸل، زکوة کے مساٸل ، تراویح کے مساٸل، بقرعید میں قربانی کے مساٸل سے عوالناس کو باخبر کیا جاٸے۔اس سے عوام کا بڑا فاٸدہ ہوگا۔یوں تو زندگی کے ہر شعبہ میں اصلاح کی ضرورت ہے مگر اس وقت معاشرتی مساٸل پر خاص طور پر توجہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپنے آن لاٸن کلیدی خطاب میں تربیتی اجتماع میں شریک علما سے درخواست کرتے ہوٸے کہا کہ آپ سب لوگ معاشرے کی اصلاح کی طرف متوجہ ہوں ، آپ معاشرے میں پھیلی براٸی کا قلع قمع کریں جن دو بھاٸیوں کے درمیان اختلاف ہوگیا ہے اس کو حل کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے اس خطاب میں مشہور اسلامی اسکالر، درجنوں کتاب کے مصنف مولانا رحمت اللہ ندوی اور ان کے والد ماجد حافظ ناظم رحمانی کو اس بہترین اقدام پر دلی مبارکباد بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کا انعقاد مولانا رحمت اللہ ندوی نے مدرسہ طیبہ کے احاطے میں کیا جس میں علاقہ کے اٸمہ و خطبا نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر مدرسہ کے مہتمم حافظ ناظم رحمانی نے کلمات تشکر پیش کیے اور مولانا صفی الرحمن قاسمی صدرالمدرسین مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارہ کی دعا پر تربیتی اجتماع کا اختتام ہوا۔
مساجد کو عبادتوں کے علاوہ اصلاح معاشرہ کا مرکز بنائیں : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
previous post