نتیش کمارنے’ آخری ہتھیارکے طورپرجذباتی تیر‘چلایا،شیوانندتیواری کاطنز،ہمیں مٹی میں مل جانے والابیان بھی یادہے

پٹنہ:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر شیوانندتیواری نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار موقع پرست ہونے کاالزام لگایاہے۔شیوانندتیواری نے نتیش کمارپراس پیغام کے لیے حملہ کیاہے کہ موجودہ انتخابات ان کا آخری الیکشن ہے۔ تیواری نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ اتحاد سے علیحدگی کے بعد نتیش جی نے بہار اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ میں مٹی میں مل جاؤں گا لیکن ان (بی جے پی) کے ساتھ نہیں جاؤں گا۔ آج اسی نتیش کمارنے بہار کے لوگوں کو پیغام دیاہے کہ یہ میرا آخری الیکشن ہے۔ اس طرح سے ، انہوں نے بہار کے ووٹرزپرایک جذباتی تیرچلایا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن یہ ان کاآخری ہتھیار تھا۔جذباتی طورپربلیک میل کرنے کاالزام لگاتے ہوئے شیوانندتیواری نے کہاہے کہ معاملہ پراناہے۔جب ہم لالو یادو سے الگ ہوگئے اور جنتا دل (ایچ) تشکیل دیا ، جو بعد میں سمتا پارٹی بن گئی۔ ہم نے 1995 کے اسمبلی انتخابات لالو یادو کے خلاف لڑے تھے۔ یاد رہے کہ چودہ ارکان پارلیمنٹ جارج صاحب کی قیادت میں جنتا دل سے باہر آئے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ بہار میں ہماری حکومت بنے گی۔ نتیش کماربھی وزیراعلیٰ کااشارہ دکھا رہے تھے۔ اگر انتخابی نتائج آتے تو نتیش کے لیے صرف 7 افراد بہار اسمبلی انتخابات جیت سکتے تھے۔ ان میں سے ایک خود نتیش کمار تھے۔