نتیش کمار ہی ہوں گے وزیر اعلیٰ،اس میں کوئی شک نہیں:سشیل کمار مودی

پٹنہ:بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 74 سیٹیں جیت کر ریاست میں دوسری بڑی پارٹی بن گئی ہے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ نتیش کمار ہی اتحاد کے وزیر اعلی ہوں گے۔اس پر کوئی شک نہیں ہے۔ ریاست کے نائب وزیر اعلی اور بی جے پی کے سینئر رہنما سشیل کمار مودی نے آج کہاکہ نتیش جی وزیر اعلیٰ بنیں گے کیونکہ یہ ہمارا وعدہ تھا ۔ اس پر کوئی شک نہیں ہے۔انتخابات میں ایسا ہوتا ہے کہ لوگ زیادہ سیٹیں جیتتے ہیں اور کچھ کم جیتتے ہیں، لیکن ہم برابر کے شراکت دار ہیں۔ نتیش کی پارٹی جے ڈی یو سے زیادہ نشستیں جیتنے کے ایک دن بعد بی جے پی کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا ہے۔ اس بارے میں تبادلہ خیال ہوا کہ کیا اتحاد میں بڑے بھائی کا درجہ ختم ہونے کے بعد بھی نتیش کمار اس اتحاد کے وزیراعلیٰ بنیں گے۔ بہت سے لوگ اس پر سوال اٹھا رہے تھے، لیکن بی جے پی نے جواب دے کر سب کا منہ بند کردیا ہے۔ بی جے پی نے بہار میں کبھی بھی اپنی بدولت حکمرانی نہیں کی اور نتیش کمار کے بغیر وہ ریاست میں اقتدار برقرار نہیں رکھ سکی ہے، لیکن اس بار انتخابی نتائج میں بی جے پی جے ڈی یو سے کہیں آگے ہے۔