نتین گڈکری نے پٹنہ میں 3000 کروڑ کی لاگت کے نئے پل کاوعدہ کیا

پٹنہ:مرکزی وزیربرائے ٹرانسپورٹ وشاہراہ، جہاز رانی ، آبی وسائل نتین گڈکری نے جمعہ کے روزبہارکے پٹنہ ضلع میں دریائے گنگاپر 3000 کروڑ روپئے کی لاگت سے نیاچار لین پل بنانے کا اعلان کیا۔الیکشن کودیکھتے ہوئے بہارمیں ترقیاتی کاموں کے اعلانات کیے جارہے ہیں لیکن اپوزیشن گزشتہ الیکشن میں سوالاکھ کروڑکے پیکیج پرمسلسل سوال پوچھ رہاہے۔گڈکری نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بہارکی زندگی کی لکیر سمجھے جانے والے مہاتماگاندھی سیتوکے مغربی لین کے سپر ڈھانچے کا افتتاح کرنے کے بعد پٹنہ ضلع میں دریائے گنگا پر چار لین پل بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ پانچ کلومیٹر طویل پل کے ٹینڈر رواں سال اگست میں طلب کیے جائیں گے اوراکتوبرسے تعمیراتی کام شروع ہوں گے۔ اس پل کی تعمیر کا کام مارچ 2024 تک مکمل ہوجائے گا۔مرکزی وزیرنے کہاہے کہ مہاتما گاندھی سیتوکی تزئین وآرائش کا کام بہت چیلنج فل رہا ہے۔ لیکن انہیں خوشی ہے کہ اس پل کے مغربی حصے کی تعمیرمکمل ہوگئی ہے اور آج اسے ٹریفک کے لیے کھول دیاگیاہے۔ اس پل کی اہمیت اور ضرورت کو دیکھ کر ان پر ہمیشہ دباؤ ڈالا گیا تھا کہ اس کی تعمیر کا کام جلدسے جلدمکمل کیاجائے۔ٹکنالوجی اور انجینئرنگ نے اس مشکل کام کو ممکن بنایا۔ ستون کو توڑے بغیر تیار کیا گیا تھا۔ اس میں 66 ہزار ٹن اسٹیل ہوتا ہے۔