نجی مدرسوں نے مسلمانوں کوزندہ رکھا،وہ کبھی بندنہیں ہوں گے:آسام اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر

گوہاٹی:آسام اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بی جے پی کے سینئر لیڈرامین الحق لشکر نے کہاہے کہ نجی مدرسے کبھی بند نہیں ہوں گے کیونکہ انہوں نے مسلمانوں کو زندہ رکھاہے۔آسام حکومت نے تمام سرکاری مدرسوں اور سنسکرت اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن رواں ماہ جاری کیے جانے کی امید ہے۔ایک مدرسے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ کیاکوئی مدرسہ بندہوا ہے؟یہ مدرسے کبھی بند نہیں ہوں گے کیونکہ انہوں نے مسلمانوں کو زندہ رکھا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مولانا اور قاضی ان مدارس سے نکل کرآئے ہیں۔ ان مدرسوں میں مساجد کے امام بنتے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ انہیں کبھی نہیں روکا گیا۔وزیر تعلیم ہمنت بسوشرمانے اعلان کیا تھا کہ تمام سرکاری مدرسے بند کردیئے جائیں گے کیونکہ حکومت ایک سیکولر معاشرے میں مذہبی تعلیم کی حمایت نہیں کرسکتی ہے۔ ان کے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے شدیدردعمل کااظہارکیاہے۔اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے کہا ہے کہ اگر مدرسے بند ہوں گے تب احتجاج کیجیے گا۔جب کانگریس مدرسوں کوروکنے کے لیے بی جے پی کے خلاف حکومت سے احتجاج کرتی ہے ، تو پھر ان سے کہوکہ صرف سرکاری مدرسے ہی بند کیے جائیں گے۔ اپوزیشن کانگریس اور اے آئی یوڈی ایف صرف اس معاملے پرسیاست کر رہی ہیں۔