نیوز چینلز کسانوں کی خود کشی پر خاموش کیوں؟:اویسی

نئی دہلی:لوک سبھا کے رکن اسدالدین اویسی نے کسانوں اور مزدوروں کے خودکشی کے اعداد و شمار کی ایک خبر شیئر کرتے ہوئے حکومت اور میڈیا پر حملہ کیا ہے۔ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں اویسی نے کہا کہ ملک میں ہزاروں کسان خودکشی کر رہے ہیں ، لیکن ٹیلی ویژن پر اس پر کوئی بحث نہیں ہوگی اور نہ ہی ان کی ہلاکت پر حکومت سے متعلق سوالات پوچھے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 9 بجے دیش بھکت ہندوستان کے غریب ترین لوگوں کی خودکشی نہیں دکھائیں گے۔ اس کی کوئی جانچ نہیں ہوگی۔ متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے انٹرویونہیں لیا جائے گا۔ کوئی ڈرامہ نہیں ہوگا۔ وہ کسی بھی قیمت پر پی ایم او سے کوئی سوال نہیں پوچھیں گے۔ لاکھوں ہندوستانی تکلیف میں ہیں اور یہ ان کا حق ہے کہ ان کی آواز سنی جائے۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھاہے کہ لیکن اس کی بجائے آج کی رات PUBG پابندی پر بات ہوگی۔ تاکہ ہم اپنی توجہ اپنے ہم وطن شہریوں کی قابل رحم حالت سے ہٹا سکیں۔ میڈیا کے نزدیک ایک اداکار کی بدقسمتی سے موت ہزاروں کسانوں اور مزدوروں کی موت سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔