Home قومی خبریں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ میں نیٹ ، جے آ ر ایف کوچنگ کا آغاز

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ میں نیٹ ، جے آ ر ایف کوچنگ کا آغاز

by قندیل

دہلی: انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کی جانب سے دسمبر ۲۰۲۴ سیشن کے نیٹ جے آر ایف امتحانات کے لیے کوچنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ ۱۳/اکتوبر کی شام ادارے کے افضل حسین آڈیٹوریم میں کوچنگ کی افتتاحی کلاس منعقد ہوئی۔ اس تعارفی کلاس میں نیٹ جے آر ایف امتحانات اور اس کے نصاب سے متعلق طلبہ کی رہنمائی کی گئی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر خان یاسر نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی تعلیمی صورتحال ابتر ہے، بالخصوص اعلیٰ تعلیم کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ہندوستان میں پرائمری اسکول میں داخلہ لینے والے تین ہزار مسلم بچوں میں سے صرف پانچ (یعنی صفر اعشاریہ ایک سات فیصد طلبہ)ہی پی ایچ ڈی تک پہنچ پاتے ہیں۔ ایسے میں مسلم معاشرے کی قیادت اور اسلامی نہج پر علوم کی تدوین نو کے لیے محققین کو تیار کرنا اور اس کے لیے اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے میدان میں طلبہ کی رہنمائی کرنا ادارے کا مشن ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ادارے کی جانب سے متعدد رہائشی، غیر رہائشی اور فاصلاتی کورسز چلائے جاتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ادارہ پچھلے کئی سالوں سے نیٹ جے آر ایف کے پہلے پرچے Teaching and Research Aptitude کی کوچنگ کا نظم بھی کرتا رہا ہے۔ پچھلے تجربات کو آگے بڑھاتے ہوئے امسال پہلے پرچے کے ساتھ ساتھ اردو اور اسلامک اسٹڈیز کے پرچوں کی کوچنگ کا نظم بھی کیا گیا ہے جس کے لیے جے آر ایف کیے ہوئے پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

جناب معاذ بن اسد اور جناب جمیل سرور نے پہلے پرچے کی مختلف یونٹس کا تعارف کرایا۔ اردو، عربی و اسلامک اسٹڈیز کے طلبہ عموماً ریاضی و ذہنی آزمائش (Reasoning)کے مسائل حل کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ دونوں اساتذہ نے اس بات پر زور دیا کہ کوچنگ کے دوران ان یونٹس میں تصورات (concepts) کی توضیح پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ طلبہ آسانی اور خود اعتمادی کے ساتھ سوالوں کو حل کرسکیں۔ انھوں نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کو مسابقتی امتحانات کے لیے نفسیاتی طور پر تیار کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی جس کے لیے وقتاً فوقتاً امتحانات (mock tests)سے گزارا جائے گا۔ جناب ساجد انصاری ندوی نے اردو اور جناب ملک محمود نے اسلامک اسٹڈیز کے پرچے کی تیاری کے ضمن میں اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں طلبہ کی رہنمائی کی۔ ان پرچوں میں طلبہ سے ہونے والی عام غلطیوں اور ان کے تدارک کے سلسلے میں اہم ہدایات دیں۔ واضح رہے کہ کوچنگ میں پہلا پرچہ شیخ جاوید صاحب (ریٹائرڈ ٹیچر، جامعہ ملیہ اسلامیہ)؛ ڈاکٹر خان یاسر (پی ایچ ڈی، علم سیاسیات، دہلی یونیورسٹی)؛ جمیل سرور(جے آر ایف وپی ایچ ڈی اسکالر، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور معاذ بن اسد( بی ایڈ، ایم ایس سی) پڑھائیں گے۔ دوسرے پرچے میں اردو کی کوچنگ کے لیے جناب ساجد انصاری اور جناب سفیر صدیقی نیز اسلامک اسٹڈیز کے لیے جناب ملک محمود اور جناب محمد لال چاند شیخ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ موخر الذکر چاروں اساتذہ نے انھی مضامین سے جے آر ایف کیا ہے اور فی الحال جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔

اس افتتاحی کلاس سے ۳۲ طلبہ و طالبات مستفید ہوئے۔ اساتذہ کی گفتگو کے بعد اوپن سیشن میں طلبہ نے اپنے سوالات اور شکوک و شبہات کے تشفی بخش جوابات حاصل کیے۔ دہلی و این سی آر کے طلبہ کے لیے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز میں منعقدہ یہ کوچنگ صحیح معنوں میں ایک نعمت غیرمترقبہ ہے۔ باقاعدہ کلاسز کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہوگا، فی الحال رجسٹریشن جاری ہیں۔ دہلی و قرب و جوار کے طلبہ رجسٹریشن کے لیے 9315206104 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

You may also like