Home قومی خبریں جامعہ سینئر سکنڈری اسکول میں قومی اردو کونسل کے زیراہتمام مختلف تہذیبی اور ثقافتی تقریبات

جامعہ سینئر سکنڈری اسکول میں قومی اردو کونسل کے زیراہتمام مختلف تہذیبی اور ثقافتی تقریبات

by قندیل

آج کے دور میں علم و ہنر اور تربیت کی اشد ضرورت ہے: ڈاکٹر شمس اقبال

نئی دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیراہتمام جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول کے اشتراک سے ‘داستان جامعہ’ و دیگر ثقافتی اور ادبی پروگرام کا انعقاد اورسہ روزہ نمائش کتب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ یہاں کے بچو ں کو دیکھ کر محسوس ہورہاہے کہ ہندوستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ یہی بچے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ آج ہم ایسے ادارے میں پروگرام کررہے ہیں جو کامیابی کے ساتھ سو سال کی مدت پوری کرچکا ہے۔ اس طویل عرصے میں بہت سے تقاضے بھی بدلے ہیں، پہلے کی ضروریات کچھ اور تھیں اور اب کی کچھ اور۔آج کے دور میں علم و ہنر اور تربیت کی اشد ضرورت ہے۔ ان تین چیزوں کو سامنے رکھ کر اگر اساتذہ ان بچوں کی تعلیم و تربیت کریں گے تو یقینا یہ بچے ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردارادا کریں گے۔ پروگرام کا آغاز انٹر اسکول ڈبیٹ مقابلے سے ہوا۔ اس مقابلے میں اول انعام محمدحذیفہ (اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول)، دوم انعام آمنہ انصاری (سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول) اور سوم انعام اریبہ شاہ (جامعہ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول) نے حاصل کیا۔ جب کہ تشجیعی انعام مریم (جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول) کو دیا گیا۔ فاتح اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول کی ٹیم قرار پائی۔ جب کہ دوسرا مقام جامعہ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول نے حاصل کیا۔
بیت بازی مقابلے میں اول انعام محمد حذیفہ (اینگلو عربک اسکول)، دوم محمد شاہد عالم (جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول) اور تیسرا انعام ادیبہ مختار (سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے حاصل کیا۔ جب کہ تشجیعی انعام ماریہ فیصل (رابعہ پبلک سینئر سیکنڈری اسکول) کو دیا گیا۔ فاتح ٹیم اینگو عربک سینئر سیکنڈری اسکول کی مومن ٹیم قرار پائی۔ جب کہ دوسرا مقام جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول کی غالب ٹیم نے حاصل کیا۔
غزل سرائی مقابلے میں اول انعام جامعہ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول کی ماہم امداد ، دوم انعام اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول کے محمد حمزہ اور سوم انعام جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول کی سامعہ نے حاصل کیا۔ جب کہ تشجیعی انعام رابعہ پبلک سینئر سیکنڈری اسکول کی آمنہ خان کو دیا گیا۔ غزل سرائی مقابلے میں فاتح جامعہ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول کی ٹیم قرار پائی۔ جب کہ دوسرا مقام اینگلو عربک اسکول کی ٹیم نے حاصل کیا۔
ان مقابلوں میں میں سی ڈبلو سی سی ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سوسائٹی، سید عابد اسکول سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ مڈل اسکول، خدیجۃ الکبریٰ گرلز بپلک اسکول وغیرہ کے طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔
پروگرام میں استقبالیہ کلمات ڈاکٹر محمد ارشد خان، پرنسپل جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول نے پیش کیے۔ اس موقعے پر ‘داستانِ جامعہ’ کے عنوان سے پروفیسر دانش اقبال کے تحریر کردہ داستان کی پیش کش ڈاکٹر جاوید حسن ، قاصد رضا، سید تجمل اسلام، محمد عادل اور انس فاروقی نے کی۔ ڈبیٹ مقابلہ ، غزل سرائی مقابلہ اور بیت بازی مقابلے میں حَکم کے فرائض ڈاکٹر عبدالنصیب ، ڈاکٹر رحمان مصور اور ڈاکٹر واحد نظیر نے انجام دیے۔ اس موقعے پر بطور خاص پروفیسر شہپر رسول (وائس چیئرمین، اردو اکادمی دہلی)، ڈاکٹر اطہر فاروقی (جنرل سکریٹری، انجمن ترقی اردو ہند)، ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر اکیڈمک، قومی اردو کونسل) اور ڈاکٹر مسرت (ریسرچ آفیسر) وغیرہ موجود رہے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر عبدالرزاق زیادی، کنچن بھاردواج اور جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول کے دیگر اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا۔

You may also like