قومی اردو کونسل اہم ادبی موضوعات پر تحقیقی و تنقیدی کتابیں شائع کرے گی:ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ادبی پینل کی آن لائن میٹنگ
نئی دہلی:قومی اردو کونسل کے ادبی پینل کی آن لائن میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت ڈاکٹر عبدالحق یونیورسٹی،کرنول کے وائس چانسلر پروفیسر مظفرعلی شہ میری نے کی۔قبل ازاں میٹنگ کا افتتاح کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔انھوں نے تمام مہمانوں اور شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے نازک حالات کی وجہ سے ہم یہ میٹنگ آن لائن اس لیے کر رہے ہیں تاکہ ہماری سرگرمیاں جاری رہیں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کا سلسلہ رکنے نہ پائے۔اِس میٹنگ میں گزشتہ میٹنگ کی تجاویز پر تبادلۂ خیال کے بعد متعدد اہم شعری کلیات اور ادبی کتابوں کی اشاعت پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا اور نئے تحقیقی منصوبوں پربھی غور و خوض ہوا۔ شرکا نے اس بات پر زوردیا کہ عام موضوعات کے بجائے کونسل ایسی کتابوں کی اشاعت پر توجہ دے جو غیر معمولی تحقیقی، ادبی و تاریخی اہمیت کی حامل ہیں۔شرکانے یہ بھی کہاکہ نئے پروجیکٹ کے طورپرپامال موضوعات کے بجائے ایسے پروجیکٹس کو منظور کیاجائے جن پرموجودہ دورمیں کام کرنے کی ضرورت ہے اور جنھیں شائع کرنے سے قارئین کو خاطر خواہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض ایسے اہم موضوعات ہیں جن پر اِس وقت بھی اردو زبان میں کتابیں یا تو بالکل نہیں ہیں یا بہت کم ہیں، ان موضوعات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اردو زبان کا دامن نئے علوم و فنون سے بھی مالامال ہوسکے۔میٹنگ کے دوران انجمن ترقی اردو ہند کی طرف سے پیش کردہ ایک تجویز بھی زیرِ بحث آئی کہ انجمن نے اپنے یہاں سے شائع شدہ اٹھارہ ناد ر اور اہم کتابوں کے حقوقِ طباعت کونسل کے نام کرنے کی پیش کش کی ہے،شرکا نے کہاکہ ماہرین کے ذریعے ان کتابوں کا جائزہ لینے کے بعد کونسل ان کتابوں کو ضرور شائع کرے۔ڈاکٹر عقیل احمد نے بھی شرکا کی رائے کی تائید کی اور کہا کہ کونسل تجارتی نقطۂ نظر کے بجائے علمی و ادبی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کتابیں شائع کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اخیر میں پینل کے چیئر مین پروفیسر مظفر علی شہ میری اور شیخ عقیل احمد نے میٹنگ کے تمام مہمانوںکا شکریہ اداکیا۔ اس میٹنگ میں پروفیسر شمیم حنفی، ڈاکٹر نریش، ڈاکٹر قدسیہ قریشی، پروفیسرقاضی حبیب احمد،پروفیسر شبنم حمید، ڈاکٹر خان حسین رضا،پروفیسرمحمد ظفرالدین، ڈاکٹر نکولن کنڈوت ولپل اور کونسل سے ڈاکٹرشمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اکیڈمک) ڈاکٹرمحمد فیروز عالم (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر)، ڈاکٹر اجمل سعید(اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر)اور محمد انصر(ریسرچ اسسٹنٹ) شریک رہے۔