Home قومی خبریں این سی ای آر ٹی کی درسی کتابیں اب امیزون پر دستیاب ہوں گی

این سی ای آر ٹی کی درسی کتابیں اب امیزون پر دستیاب ہوں گی

by قندیل

درسی کتابوں کی آن لائن فروخت کے لیے امیزون کے ساتھ این سی ای آر ٹی کا معاہدہ  

نئی دہلی : آج قومی تعلیمی پالیسی 2020 پر مبنی این سی ای آر ٹی کی نئی درسی کتابوں کے آن لائن فروخت کے لیے امیزون کے ڈیجیٹل اسٹور کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیا گیا۔ مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان کی رہنمائی میں این سی ای آر ٹی کے سیکرٹری جناب امن شرما نے اس معاہدے پر دستخط کیا۔ نئی دہلی میں واقع وزارت تعلیم کے کوشل بھون میں منعقدہ تقریب میں امیزون کے نمائندوں کی موجودگی میں یہ معاہدہ ہوا۔ اس موقع پر سکریٹری، اسکولی تعلیم و خواندگی محکمہ، جناب سنجے کمار، این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر دنیش پرساد سکلانی، اور وزارت تعلیم اور این سی ای آر ٹی کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے کہا کہ تعلیم معیاری ہونی چاہیے، عالمگیر ہونی چاہیے، قابلِ رسائی ہونی چاہیے، سستی ہونی چاہیے اور جامع بھی ہونی چاہیے۔ ان ہی مقاصد کو بروئے کار لانے کے لیے ہم سب کی اجتماعی کوششوں کی بدولت آج کے اس پہل کو ساکار ہوتا ہوا ہم دیکھ پا رہے ہیں۔ آج کی نئی نسل آن لائن خریداری کی طرف زیادہ متوجہ ہے۔ وہ ہر چیز پہلے آن لائن سرچ کرتی ہے اور الٹی سیدھی چیزوں کی خریداری کے سبب اپنے والدین سے ڈانٹ بھی سنتی ہے۔ ایسے میں اگر کتابوں کی خریداری کو آسان بنا دیا جائے تو والدین کے لیے ان کی خریداری کا یہ عمل باعثِ اطمینان ہوگا۔ جناب پردھان نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ سرکار کی ترجیحات میں زندگی کو آسان بنانا (Ease of living) شامل ہے، اس کے تحت بھارت کے سبھی گھروں میں بچے بچیاں پڑھیں، ان کو نئی کتابیں وقت پر ملیں، آسانی سے ملیں اور سستی ملیں، اسی کو یقینی بنانے کی طرف ہم آج ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارت ڈیجیٹل میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور آج این سی ای آر ٹی اور امیزون نے مل کر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو لے کر ایک نئی پہل کی ہے۔ اس کے ذریعے انیس ہزار پانچ سو پن کوڈ ایریا میں یہ خدمات دستیاب کرائی جائیں گی۔ سابقہ تمام ذرائع بھی بدستور کتابیں فراہم کرتے رہیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ این سی ای آر ٹی سالانہ پانچ کروڑ کتابوں کے مقابلے اگلے تعلیمی سال سے پندرہ کروڑ کتابیں فروخت کرے گی تو یہ یقینی بنایا جائے گا کہ امیزون کے ذریعے بھی ایم آر پی پر ہی ساری کتابیں طلبہ تک پہنچے۔ وزیر تعلیم نے افتخار سے کہا کہ 1963 سے لے کر اب تک این سی ای آر ٹی نے دو سو بیس کروڑ کتابیں طلبہ تک پہنچائی ہے۔ یہ بھی اپنے آپ میں ایک عالمی ریکارڈ ہی ہے۔ شاید ہی دنیا کے کسی اور ملک نے اس ریکارڈ کو عبور کیا ہو۔

اسکولی تعلیم و خواندگی محکمہ کے سکریٹری جناب سنجے کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ این سی ای آر ٹی کے ذریعے تیار کی جا رہی کتابوں کے تعلق سے اچھے فیڈ بیک ہمیں سننے کو مل رہے ہیں۔ لیکن ان اچھی کتابوں کو بچوں تک پہنچانے کی کارروائی بھی یکساں طور پر اہم ہے۔ یہ کتابیں اتنی اچھی ہیں کہ ملک کی دیگر ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے بھی ان کتابوں کو اپنانے لگے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس پہل کے ذریعے تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے ہی مطلوبہ تعداد میں اسکولوں کو کتابیں فراہم کرنے میں ہم کامیاب ہو سکیں گے۔

امیزون کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے امیزون انڈیا کے وائس پریزیڈنٹ جناب سوربھ سریواستو نے کہا کہ اب تک امیزون دنیا بھر میں کتابوں کے دو کروڑ ٹائٹل دستیاب کرا رہا تھا، این سی ای آر ٹی کے ساتھ یہ معاہدہ ہمارے بزنس کو نئی اونچائیوں تک لے کر جائے گا اور ہم انڈیا کو تعلیم یافتہ بنانے کی کوشش میں ایک چھوٹا سا تعاون پیش کر کے اس بڑے مہم کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس پر ہم خوش ہیں اور پُر امید بھی۔

این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر دنیش پرساد سکلانی نے مہمانوں اور حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ امیزون کے ساتھ اس معاہدے سے طلبہ کو وقت پر آسانی سے معیاری کتابیں دستیاب ہوں گی اور ایم آر پی میں ہی فراہم ہوں گی، اس سے پائریٹڈ کتابوں کے مسئلے سے بھی نجات پایا جا سکتا ہے۔ اس لیے یہ معاہدہ سب کے لیے مفید تر ثابت ہوگا۔ ہمارے معزز وزیر تعلیم کی رہنمائی اور ہدایت رہی ہے کہ جب این ای پی 2020 کے تحت نئی کتابیں بن رہی ہیں تو کیوں نہ نئے ڈھنگ سے اس کی فراہمی کے راستے کو بھی اپنایا جائے۔

آخر میں اسکولی تعلیم و خواندگی محکمہ کی جوائنٹ سیکریٹری محترمہ پراچی پانڈے نے سبھی مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

You may also like