احمد علی برقی اعظمی
ہے سبھی کے ان دنوں ورد زباں شاہین باغ
ہے جہاں میں مظہر عزم جواں شاہین باغ
جامعہ نے ملک وملت کو دکھائی جس کی راہ
بن گیا ہے اس کا میر کارواں شاہین باغ
ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، نے آج کی ہے جو رقم
ولولہ انگیز ہے اک داستاں شاہین باغ
محو ہو سکتا نہیں جو صفحہ تاریخ سے
حریت کا ہے وہ نقش جاوداں شاہین باغ
گونجتی ہے ہر طرف جس کی صدائے احتجاج
پوچھتے ہیں لوگ ہے آخر کہاں شاہین باغ
آج تک جن کا نہ تھا کوئی کہیں پرسان حال
ایسے مظلوموں کی ہے تاب و تواں شاہین باغ
اپنے حق کی بازیابی کی بصد جوش و خروش
لڑ رہا ہے جنگ بے تیر وکماں شاہین باغ
ہندو مسلم سکھ عیسائی ہیں سبھی اس میں شریک
آج جس تحریک کا ہے ترجماں شاہین باغ
دیکھ کر سب کچھ جو برقی اعظمی خاموش تھے
آج ہے ان بے زبانوں کی زباں شاہین باغ
نذر شاہین باغ
previous post