نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد،مودی بولے:نئی عمارت خودکفیل بھارت کی گواہ ہوگی

نئی دہلی:جمعرات کووزیراعظم نریندر مودی نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھا۔سنگ بنیادکے موقع پربھومی پوجن ہوا۔اس کے علاوہ سبھی مذاہب کی مذہبی رسوم اداکی گئیں۔اپوزیشن نے سنٹرل وسٹاپروجیکٹ پرسوال اٹھایاہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاہے کہ اس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہمارا ملک اور آئین تعمیر ہوا ہے۔ یہ پارلیمنٹ ہاؤس ملک کے اتار چڑھاؤ، امیدوں،آرزوؤں اور سفر کی علامت رہا ہے۔ یہ سب ہمارا ورثہ ہے ، لیکن پارلیمنٹ کی طاقتور تاریخ کے ساتھ ساتھ حقیقت کو بھی قبول کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کو اپ گریڈ کرنے کی بہت ساری کوششیں ہوئی ہیں۔ ساؤنڈ ، آئی ٹی ، سیکیورٹی سسٹم کو اپ گریڈ کیا گیا ہے لیکن اب یہ عمارت آرام کی تلاش میں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں بہت ساری نئی چیزیں کی جارہی ہیں ، جس کی وجہ سے ممبران پارلیمنٹ کی سہولت میں اضافہ ہوگا ، ورک کلچر میں جدید طریقے آئیں گے۔جب لوگ رکن پارلیمنٹ سے ملنے آتے ہیں توانہیں بہت مشکل محسوس ہوتی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں جگہ کی کمی ہے۔لیکن مستقبل میں ہر ممبرپارلیمنٹ کے لیے ایسا انتظام ہوگاتاکہ وہ اپنے پارلیمانی حلقے سے آنے والے لوگوں سے مل سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت خود کفیل بھارت کا گواہ بن جائے گی۔ پرانی عمارت نے ملک کی ضروریات کو پورا کیا لیکن پارلیمنٹ کی نئی عمارت 21 ویں صدی کی امنگوں کو پوری کرے گی۔