نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سنگ بنیاد پر ممتا کا اعتراض،یہ رقم کسانوں کو دی جائے

کولکاتہ:زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے 3 روزہ مظاہرے کے آخری روز پارٹی کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ نریندر مودی حکومت جمہوری قوانین اور وفاقی ڈھانچے پر عمل نہیں کرتی ہے۔نئے پارلیمنٹ ہاؤس پر تنقید کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہاہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ رقم ابھی کسانوں کو دی جانی چاہیے۔ کولکاتہ میں ٹی ایم سی کے احتجاج کے تیسرے اور آخری دن پارٹی کی سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ کسانوں کی تحریک کومتاثرکرنے کی چال چلیں گے۔ وہ کہیں گے کہ پاکستان ہم پر حملہ کر رہا ہے۔ احتجاج روکنے کے لیے ان کے پاس ایسے بہت سے کھیل ہیں۔وزیر اعظم کیئرس فنڈ کے بارے میں مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم کیئرس فنڈ کا کیا ہوا۔ اس فنڈ کا آڈٹ کیوں نہیں کیا گیا؟بی جے پی صدر جے پی نڈا کے قافلے پرحملے پر سوال اٹھاتے ہوئے ممتا بنرجی نے اسے ایک چال قرار دیا اورکہاہے کہ ڈرامہ اور میڈیا کے ذریعہ بی جے پی لوگوں کو جلسے میں نہیں لاسکتی ہے۔ کیا اس کا منصوبہ تھا؟ ویڈیوکیسے بنائی گئی؟