نیا پیکیج لے کر آگئےمکیش امبانی،2021 کے وسط تک جیو 5G خدمات شروع کرنے کا اعلان

نئی دہلی:جیوفائیوجی سروس ہندوستان میں نئے سال 2021 کےوسط میں شروع کی جائے گی۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے منگل کو انڈیا موبائل کانگریس 2020 میں اپنے اہم خطاب کے دوران انکشاف کیا ہے۔ ارب پتی صنعت کار امبانی نے کہا کہ جیو کی پیش کردہ 5 جی سروس حکومت کی آتم نربھر بھارت کی پالیسی کی گواہ ہوگی۔ ملک میں 5 جی متعارف کرانے کے علاوہ جیو گوگل کے ساتھ ایک سستا اینڈرائیڈ فون تیار کررہا ہے جسے آنے والے مہینوں میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔امبانی نے منگل کے روز انڈیا موبائل کانگریس -2020 سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ 5 جی خدمات کو تیز رفتار سے شروع کرنے کے لیے پالیسی ساز اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پالیسی اقدامات کے ذریعے ہی ہم سب کو معقول قیمت پر 5 جی خدمات فراہم کرسکیں گے۔ اس کانفرنس کا انعقاد موبائل سروس پرووائڈرس فورم (سی او اے آئی) نے محکمہ ٹیلی مواصلات کے اشتراک سے کیا تھا۔ امبانی نے ہارڈ ویئر مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر ہندوستان کی ترقی کی بھی وکالت کی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے اہم شعبے میں ملک صرف درآمدات پر منحصر نہیں ہوسکتا ہے۔ امبانی کا ٹیلی کام کمپنی جیو چار سالوں میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ جیو کے ذریعہ وائس کالنگ مفت فراہم کی جارہی ہے،اس کے ساتھ ہی اس کے ڈیٹا کی شرح بھی بہت کم ہے۔ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹل سے منسلک ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملک میں 5G نیٹ ورک کو تیزی سے ٹریک کرنے کی ضرورت ہے۔ امبانی نے کہا کہ جیو کی 5 جی ملک میں تیار کردہ نیٹ ورک،ہارڈ ویئر اور ٹکنالوجی کے سامان پر منحصر ہوگی۔جیو کی 5 جی خدمات ایک خود مختارہندوستان کے وژن کے مطابق ہوگی،امبانی نے کہا کہ آج بھی ملک میں 30 کروڑ صارفین 2 جی میں پھنسے ہیں اور انہیں سمارٹ فون میں لانے کے لیے پالیسی ساز کی ضرورت ہے۔ اسمارٹ فون کے ذریعے یہ صارفین ڈیجیٹل لین دین بھی کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں پورے اعتماد کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ 5 جی نہ صرف ہندوستان کو چوتھے صنعتی انقلاب کا حصہ بنائے گا، بلکہ اس کی رہنمائی بھی کرے گا۔