مبصر :امیر حمزہ
ریسرچ اسکالر شعبۂ اردو دہلی یونیورسٹی
اردو کے کچھ چنندہ ستاروں کا نام جب تصور میں آتا ہے تو ان میں سے ایک اہم نام علامہ شبلی نعمانی کا بھی ہوتا ہے ۔شبلی کی شش جہات شخصیت کو ان کی کسی ایک تحریر یا تصنیف سے نہیں سمجھا جا سکتا ہے ۔انہوں نے جس میدان میں بھی قلم اٹھا یا ہیر ے ہی اکٹھا کیے ہیں۔ ان کی جملہ تحریریں دستاویز کی حیثیت رکھتی ہیں ، خواہ وہ نثر میں ہو یا نظم میں ، تاریخ کے باب کے لیے لکھی گئی ہو ں یا علم کلام گتھیا ں سلجھانے کے لیے تحریر میں آئی ہوں ، سوانح کے قرطاس میں تحقیق کے نگینے ہوں یا تنقید میں نئے اسلو ب و تر اکیب تر اش رہے ہوں ، الغر ض ان کا ایک ایک حر ف اردو زبان کے لیے بہت ہی قیمتی ہے ۔ زیر تبصر ہ کتاب میں انہی قیمتی نوادرات کو ڈاکٹر محمد الیاس الاعظمی نے جمع کیا ہے ۔موصوف اردو دنیا میں محتاج تعارف نہیں ہیں ان کی شناخت ہی شبلیات کی وجہ سے ہے او ر یہ کتاب بھی مطالعہ شبلی میں ایک اہم تحقیق ہے جس میں ان کی ان تحریروں کو ایک کتاب کی شکل میں جمع کیا گیا جو شائع شدہ تو تھیں لیکن یہ تمام تحریریں شبلی کے کسی مجموعے میں شامل نہیں تھیں جن کو ڈاکٹر محمدالیاس الاعظمی نے مختلف مقامات سے یکجا کر کے اس کتاب میں پیش کیا ہے ۔ یہ آخری اور حتمی بھی نہیں ہے کیونکہ اس سے پہلے چودہ مجموعے ان کی تحر یروں کے شائع ہوچکے ہیں اور یہ پندرہوا ں مجموعہ ہے ۔
کتاب کو سا ت ابواب میں منقسم کیا گیا ہے ۔ پہلا باب مضامین کا ہے جس کے تحت چار نئے مضامین شامل کیے گئے ہیں ۔ دوسرے باب میں سات اہم خطبات کو شامل کیا گیا ہے ۔ تیسرے باب میں دیبا چہ و تقر یظ کو شامل کیا گیا ہے جن کی تعداد سو لہ ہے ۔ چوتھے باب میں ان کے ۲۴؍ نادر مکتوبات کو شامل کیا گیا ہے جو مختلف شخصیات کے نام لکھے گئے ہیں ۔پانچواں باب مراسلات کا ہے جس میں صرف د و ہی مرا سلے ہیں ۔ چھٹا باب منظومات پر ہے جس میں قصیدہ ، مر ثیہ ، نظمیں ، غزلیں اور متفرق اشعار سب شامل ہیں ۔ چند غزلیں اور متفر ق اشعار کے علاوہ سب ان کا فارسی کلام ہے ۔ساتواں باب متفرقات ہے جس کے تحت مختلف چھوٹی چھوٹی تحریریں ہیں ۔الغرض یہ کتاب شبلی کے شائقین ، ناقدین شبلی اور محققین شبلی کے لیے اہمیت کی حامل ہے جیسا کہ مصنف نے دیباچہ میں بھی اشارہ کیا ہے کہ کن کن تحریروں سے تبحیث و تحقیق کے نئے دریچے وا ہوتے ہیں وہ یقیناًناقدین کے لیے اہمیت کے حامل ہیں ۲۵۶؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ۴۰۰؍ روپے ہے جو ادبی دائرہ اعظم گڑھ سے شائع ہوئی ہے ۔
رابطہ نمبر ۰۹۸۳۸۵۷۳۶۴۵