Home قومی خبریں قومی اردو کونسل میں ‘قومی خلائی دن’ پر پروفیسر سریش چندرا کا لیکچر

قومی اردو کونسل میں ‘قومی خلائی دن’ پر پروفیسر سریش چندرا کا لیکچر

by قندیل

نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان کے صدر دفتر میں National Space Day پر ایک لیکچرکا انعقاد کیاگیا۔پروگرام کی شروعات ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی اسسٹنٹ ڈائرکٹر(اکیڈمک)، قومی اردو کونسل کے استقبالیہ کلمات سے ہوئی۔ انھوں نے خطیب اور موضوع کا تعارف کرایا۔اس موقعے پر پروفیسر سریش چندرا (ڈپٹی ڈائرکٹر امیٹھی یونیورسٹی)نے چندریان کی تاریخ اوراس کی اہمیت و افادیت پر مختصر روشنی ڈالی، انھوں نے کہاکہ ہمارے لیے اورہمارے ملک کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ 23 اگست 2023 کو چندریان 3 کاوکرم لینڈر چاندکے قطب جنوبی پر کامیابی کے ساتھ اترا اور اس طرح امریکہ،چین اورسوویت یونین کے بعد ہندوستان کامیابی کے ساتھ چاند پر پہنچنے والاچوتھا ملک بن گیا،چندریان-3، 14 جولائی 2023 کو لانچ کیا گیا تھا اورتقریبااکتالیس دنوں کے سفر کے بعد اس کی کامیاب سافٹ لینڈنگ ہوئی،اس لیے آج کے دن کو Day of Pride and Proud کہاجائے تو بالکل بھی مبالغہ نہیں ہوگا۔انھوں نے کہاکہ اس سے پہلے چندریان- 2 ، 22جولائی 2019 کو لانچ کیاگیاتھالیکن لینڈ کرتے وقت بعض تکنیکی وجوہات کی بناپر یہ 6 ستمبر 2019 کو کریش کرگیا، اس لیے چندریان 3 میں کچھ تبدیلی کی گئی جس کی وجہ سے اس کی سافٹ لینڈنگ آسان ہوگئی اورچندریان 3 کامیابی کے ساتھ لینڈ کرگیا،سب سے پہلے چندریان۔ 1، 22اکتوبر 2008 کو لانچ کیاگیاتھا اوریہ مشن کامیاب بھی ہوا تھا،یہ اسرو کی بڑی کامیابی تھی،پروفیسر سریش چندرا نے اسرو کی تاریخ اوراس ادارے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی، انھوں نے لینڈروکرم،پرگیان، پلانیٹ،گرہ وغیرہ پر بھی روشنی ڈالی اورسامعین کے سوالات کا جواب بھی تسلی بخش دیا۔ محترمہ ذیشان فاطمہ نے شکریے کی رسم اداکی۔اس پروگرام میں کونسل کا پوراعملہ موجود رہا۔

You may also like