Home اسلامیات نبی رحمتﷺ غیر مسلم مفکرین کی نظر میں- یمنی معروفی

نبی رحمتﷺ غیر مسلم مفکرین کی نظر میں- یمنی معروفی

by قندیل

شریک دورۂ حدیث شریف معہد عائشہ الصدیقہ ؓ قاسم العلوم للبنات دیوبند
الفضلُ ما شھدت بہ الاعداء (بیشک بزرگی اور فضیلت وہی ہے جس پر دشمن اور اعدائے اسلام گواہی دیں)مشرق و مغرب کے بڑے بڑے محقق اصحابِ فراست و لیاقت نے اس بات کو تسلیم کر لیا ہے کہ حضور ﷺ کا درجہ اور مرتبہ دنیا کے بڑے بڑے لوگوں میں سب سے اونچا اور بلند ہے اور غیر مسلم محققین نے آپ کی تہذیب، دیانت داری، امانت داری، غریبوں پر رحم و کرم، مساوات بین الاقوام، اور انسانی صفات کا مکمل نمونہ آپ کو مان لیا ہے؛ لہٰذا ان مفکرین نے اپنی تحریروں میں سرور کائناتﷺ کے متعلق جو اعتراف حقیقت کیا ہے انہی کے الفاظ میں پیش خدمت ہے، البتہ ان عطر بیز الفاظ سے جو خوشبو پیدا ہوتی ہے انکے مطابق عنوانات قائم کئے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ کامیاب پیغمبر: تمام پیغمبروں اور مذہبی شخصیتوں میں مُحَمَّد ﷺ سب سے کامیاب ہیں (مقالہ نگار انسائیکلو پیڈیا بر ٹانیکا)۔
پیکرشرافت: حضرت محمد ﷺ کا اخلاق وہی تھا جو ایک شریف عرب کا ہو سکتا ہے، آپ امیر و غریب کی یکساں عزت کرتے تھے اور اپنے گردوپیش کے لوگوں کی خدمت کا بہت خیال رکھتے تھے۔ (مغربی فاضل مارکس ڈاڈ)
مصلح اعظم ﷺ:آپ ہر شخص سے ہر وقت ملنے کے لئے تیار رہتے تھے، آپ کی فیاضی وسیر چشمی غیر محدود تھی، اصلاحِ قوم کی فکر میں ہمہ وقت مصروف ومنہمک رہتے تھے، آپ نے قوم کے لیے بہترین مثال پیش کی، مزاج میں تمکنت و نخوت نام کی بھی نہ تھی؛ یہاں تک کہ آپ صحابہ کرام کو تعظیم وتکریم کے رسمی آداب سے بھی منع فرماتے تھے۔(ڈاکٹر گیؤڈیا)
دنیا کے بہترین استاذ: پیشوائے دین اسلام محمد ﷺ کی زندگی دنیا کو بے شمار قیمتی سبق پڑھاتی ہے، اور آپکی ہر حیثیت اور آپ کی زندگی کا ہر پہلو دنیاکے لئے ایک بہترین سبق ہے، بشرطیکہ کوئی دیکھنے والی آنکھ، سوچنے والا دماغ اور محسوس کرنے والا دل رکھتا ہو۔(مہاتما ستیہ دہاری)
قابلِ عزت ہستی:محمد ﷺ کے سوانح نگاروں کا ایک ایسا طویل سلسلہ ہے جسکا ختم ہونا ناممکن ہے؛ لیکن اسمیں جگہ پانا قابلِ عزت ہے۔ (مصنفہ پروفیسر مارگیولیس)
حضرت عیسیٰ سے افضل باوجود یکہ محمد ﷺ اور عیسیٰ علیہ السلام کی ابتدائی زندگی میں کچھ مشابہت پائی جاتی ہے، لیکن بہت سے امور بالکل مختلف ہیں، عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان لانے والے بارہ حواری ناخواندہ، بے سمجھ اور کم حیثیت لوگ تھے، برعکس اسکے مُحَمَّد ﷺ پر ایمان لانے والے سوائے غلام زیدؓ اور بلال حبشیؓ کے سب کے سب معزز طبقہ کے لوگ تھے، اور بعض انکے خاندان کے لوگ بھی تھے جنہوں نے بحیثیت خلیفہ اور سپہ سالارکے وسیع سلطنت کا نظم و نسق بہترین طریقے سے انجام دیا۔ (مسٹر گاڈ فری ہیگنس)
علّم خلق خدا: میں نے محمد ﷺ کی اس تعلیم کو بغور پڑھا ہے جو انہوں نے خلق خدا کی خدمت، اور اصلاحِ اخلاق کے لیے دی، میری رائے ہے کہ اگر کوئی غیر مسلم بھی اسلام کی ہدایتوں پر عمل کرے؛ تو وہ بہت کچھ ترقی کرسکتا ہے، میرے خیال میں موجودہ زمانہ میں سوسائٹی کی اصلاح کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ اسلام کی تعلیم کو رائج کیا جائے۔ (جرمنی کا مشہور پروفیسر ہوگ)
عظیم الشان مُصلح محمد ﷺ:ان عظیم الشان مصلحین میں سے ہیں جنہوں نے اتحاد امم کی بہت بڑی خدمت کی ہے، ان کے فخر کے لئے یہ بات کافی ہے کہ انہوں نے وحشی انسانوں کو نورِ حق کی جانب ہدایت کی، اور انکو ایک اتحادی صلح پسندی اور پرہیز گاری کی زندگی بسر کرنے والا بنایا، اور ان کے لیے ترقی اور تہذیب کے راستہ کھول دیے، حیرت انگیز بات یہ کہ اتنا بڑا کام صرف ایک فردِواحد کی ذات سے ظہور ہوا۔ (روسی فلاسفر کاؤنٹ ٹالسٹائی)
اخلاق کے پاکیزہ معلم: میں دنیا کے مذاہب کا مطالعہ کرنے کا عادی ہوں، میں نے اسلام کا بھی مطالعہ کیا، بانیِ اسلامﷺ نے اعلیٰ اخلاق کی پاکیزہ تعلیم دی جس نے انسان کو سچائی کا راستہ دکھایا، اور برابری کی تعلیم دی ہے، میں نے قرآن مجید کا ترجمہ بھی پڑھا ہے اسمیں مسلمانوں کے لیے ہی نہیں؛ بلکہ سب کے لیے مفید باتیں اور ہدایتیں ہیں۔ (مہاتما گاندھی)
جلیل القدر پیشوا:اسلام دیگر مذاہب میں اس لیے ممتاز ہے کہ اسلام کے برگزیدہ اور جلیل القدر پیشوا کے حالاتِ زندگی میں ابہام یا اسرار کا کوئی ایسا عنصر ملا ہوا نہیں پایا جاتا ہے جو دوسرے بڑے بڑے ہادیانِ مذہب کے گرد حلقہ زن نظر آتا ہے۔ (ہوم رول لیگ لیگ کی بانی. مسز اینی بیسٹن)
موجودہ مصائب کے نجات دہندہ:موجودہ انسانی مصائب سے نجات ملنے کی واحد صورت یہی ہے کہ محمد ﷺ اس دنیا کے ڈکٹیٹر (رہنما) بنیں۔(جارج برناڈ شا)
یہ تو دنیا کی چند مشہور شخصیات کے اقوال نقل کئے گئے ہیں، ورنہ ہر دور میں پوری دنیا آپ ﷺ کے عمدہ اخلاق، کردار وسیرت کی معترف رہی ہے، آج بھی اگر آپ گوگل پر دنیاکی عظیم شخصیات کو سرچ کریں گے تو پہلے نمبر پر آپ کو سرورِ کائنات رحمت للعالمین ﷺ کا نام نظر آئے گا۔صلی اللہ علیہ وسلم

You may also like

Leave a Comment