Home قومی خبریں مظاہرین پرفائرنگ،وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں: یچوری

مظاہرین پرفائرنگ،وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں: یچوری

by قندیل

 

نئی دہلی: سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے نظر ثانی شہریت قانون (سی اے اے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آرسی) کے خلاف دہلی میں واقع جامعہ نگر اور شاہین باغ میں چل رہے احتجاجی مقام پر بار بار فائرنگ ہونے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی اور بی جے پی لیڈران کی طرف سے تشدد بھڑکائے جانے کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن، دہلی اسمبلی انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے ایم پی پرویش ورما اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کو اشتعال انگیز بیان دینے کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کر چکا ہے۔یچوری نے پیر کو ٹویٹ کرکے کہاکہ ہر جگہ بار بار فائرنگ ہو رہی ہے اور یہ وزیر اعظم کی مسلسل خاموشی اور وزراء اور بی جے پی لیڈران کی طرف سے تشدد بھڑکائے جانے کا نتیجہ ہے۔ایک کے بعد ایک واردات، ملی بھگت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن مظاہرہ کرنے والوں کوگناہگار بتا کر تشدد اکسانے والوں کو کھلی چھوٹ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کو دو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر فائرنگ کی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے پہلے 30 جنوری کو سی اے اے کی مخالفت میں جامعہ سے راج گھاٹ تک پیدل مارچ کے دوران بھی فائرنگ کا واقعہ ہوا، اس میں ایک طالب علم زخمی ہو گیا،اس کے بعد یکم فروری کو بھی شاہین باغ میں دھرنامقام پر فائرنگ کا واقعہ ہوا، اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔یچوری نے کہاکہ دہلی میں قانون و انتظام کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے،بار بار تشدد بھڑکانے کے واقعات کی ذمہ داری اور جوابدہی سیدھے طور پر وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کی ہے۔

You may also like

Leave a Comment