متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن مریخ پہنچ گیا

دبئی:متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلائی ادارے نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اس کا تحقیقاتی خلائی مشن مریخ پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔یو اے ای اسپیس سینٹر دبئی میں گراؤنڈ کنٹرولرز اس وقت خوشی سے اچھل پڑے اور پر جوش انداز میں تالیاں بجانے لگے جب یہ خبر پہنچی کہ خلائی مشن زمین سے روانگی کے سات ماہ بعد کامیابی سے اپنی منزل پر پہنچ چکا ہے۔تیس کروڑ میل کا سفر طے کرنے کے بعد اس خلائی جہاز نے مریخ کے گرد چکر لگانا شروع کر دیا ہے۔ امارات کا یہ خلائی مشن مریخ کے ماحول سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرے گا۔متحدہ عرب امارات نے اپنے مریخ مشن کو ’ہوپ‘ یعنی امید کا نام دیا ہے۔ اس مشن کے مریخ پر پہنچنے کی اطلاع اماراتی حکومت کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دی گئی۔ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ کامیابی مل گئی ہے اور ہوپ کے ساتھ دوبارہ رابطہ بحال ہو گیا ہے۔ مریخ کے مدار میں پہنچنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔متحدہ عرب امارات اب دنیا کا پانچواں اور عرب ممالک میں وہ واحد ملک بن گیا ہے جو اس سرخ سیارے پر پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔توقع کی جا رہی ہے کہ تین سائنسی آلات کے ساتھ یہ سیٹیلائٹ مریخ کے ماحول کی اپنی پہلی مکمل تصویر بھجوائے گا۔ یہ آلات پورے سیزن اور روزانہ تبدیلیوں سے متعلق بھی مختلف مقامات سے ڈیٹا حاصل کریں گے۔