Home قومی خبریں مشکی پور میں مولانا آزاد لائبریری کا افتتاح

مشکی پور میں مولانا آزاد لائبریری کا افتتاح

by قندیل

کھگڑیا: مشکی پور ویلفیئر کمیٹی ،مشکی پور ضلع کھگڑیا کے تحت یومِ تعلیم کے موقعے پر مشکی پور میں ایک لائبریری "مولانا آزاد لائبریری” کا قیام عمل میں آیا، اہلِ بستی اسے اپنے دیرینہ خواب کی حسین تعبیر سمجھ رہے ہیں،پروگرام کا آغاز قاری منظر الحسن صاحب کی تلاوت سے ہوا، ڈاکٹر فاروق اعظم قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ مشکی پور بستی کی مثال ناریل کے اس درخت کی طرح ہے جس میں پھل تو کم لیکن بلندی زیادہ ہوتی ہےـ مشکی پور کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے وہاں کے معروف شاعر سید عبداللہ حافظ مشکی پوری ،ڈاکٹر مہتاب علی اور پروفیسر نوشاد عالم مرحوم کی علمی، ادبی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو بیان کیاـ پورنیہ سے تشریف لائے مولانا عمر فاروق کاشف نے کہا کہ کسی بھی بستی میں لائبریری کا قیام قوم کی ترقی و کامرانی کے لیے نیک فال ہےـ پروگرام کے مہمان خصوصی جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذ مفتی سیف الرحمن ندوی نے لائبریری کی تاریخ، اہمیت و افادیت اور اس کے اصول و ضابطے پر مفصل گفتگو کی اور نئی نسل کو لائبریری سے مضبوط رشتہ قائم کرنے پر زور دیا. مشکی پور کے ایک اہم رکن انجینئر نعمان شاداب نے لائبریری کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس لائبریری کو ہم اسکول و کالج کے بیچ پل بنانے کی بھی کوشش کریں گےـ اس موقعے پر اچھی خاصی تعداد میں اہلِ مشکی پور موجود تھے،بستی کے علاوہ رام پور، رسل پور، مہتاب نگر اور گوگری وغیرہ سے بھی لوگ تشریف لائے اور مسرت کا اظہار کیا. کمیٹی کے ممبران میں نعمان شاداب، ڈاکٹر مشکور، تبریز شمیم، کے علاوہ مشکی پور کے متحرک نوجوانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اس موقعے سے مشکی پور کے امام مفتی حنظلہ قاسمی، ماسٹر حسیب الرحمن، ماسٹر معظم الحق،ماسٹر محب، ڈاکٹر ضیا علی، ڈاکٹر ناصر الدین، ڈاکٹرخطیب الرحمن،ماسٹر مشاہد اصلاحی، ماسٹر تنویر، ماسٹر اورنگ زیب، حافظ اقبال، لبریز شمیم،مشتاق، نوخیز، راغب، محسن وغیرہ نے شرکت کی اور قاری قمر الہدی صاحب کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہواـ

You may also like

Leave a Comment