مونگیر: خاتون سمیت دو اسمگلر گرفتار، بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار، کارتوس اور اسلحہ برآمد

مونگیر: سنگرام پورتھانہ پولیس نے جمعرات کی رات سنگرام پور بازار بس اسٹینڈ کے قریب خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک خاتون اور ایک شخص کو اسلحہ کے ذخیرے کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ ان کے پاس سے 13 پستول، 13 میگزین، 100 زندہ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ یہ دونوں کھگڑیا ضلع کے پربتہ کے رہائشی ہیں۔تارا پور کے ڈی ایس پی پنکج سنگھ نے بتایا کہ ایس ٹی ایف اور سنگرام پور پولیس اسٹیشن کی پولیس نے سنگرم پور بازار بس اسٹینڈ کے قریب کھڑی ایک مشکوک خاتون اور ایک شخص کو دیکھا۔ ایس ٹی ایف کے پاس پہلے ہی اطلاع تھی کہ یہ دونوں ہتھیار اسمگل کرنے یہاں پہنچ چکے ہیں۔ جونہی پولیس وہاں پہنچی وہ دونوں خوفزدہ ہوگئے۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔تحویل میں لینے کے بعد ان سے 13 پستول، 13 میگزین، 100 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ پربتہ کے رہائشی بلبیر منڈل اور دوسری خاتون ساہو سدبنی دیوی دونوں ہتھیار اسمگلنگ کے لئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہاڑی علاقے میں اسلحہ تیار کیا جارہا ہے اور یہاں سے جارہے ہیں۔ تفتیش کے ذریعہ ان کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں تارا پور ڈی ایس پی نے بتایا کہ اسلحہ کی غیر قانونی اسمگلنگ کے سلسلے میں سنگرام پور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، دونوں کو عدالتی تحویل میں بھیجا جارہا ہے، یہ لوگ یہ ہتھیار کہاں سے لا رہے تھے اور کہاں لے جانا تھا، اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کے لئے یہ ایک بڑی کامیابی مانی جارہی ہے۔