بامبے ہائی کورٹ کا جے ای ای امتحان ملتوی کرنے سے انکار:سیلاب سے متاثرہ طلبا این ٹی اے سے کریں درخواست

نئی دہلی:بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے جے ای ای مین امتحان پر پابندی لگانے سے انکار کردیا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی عدالت نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے ودربھ علاقے کے سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے طلبا جو امتحان مراکز تک نہیں پہنچ پائے ہیں یا تاخیر کا شکار ہیں، وہ این ٹی اے سے رجوع کرکے دوبارہ امتحان منعقد کرانے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔جسٹس روی دیش پانڈے اور جسٹس پشپا گنیڈی والا کی ڈویژن بینچ نے کہا کہ قومی جانچ ایجنسی (این ٹی اے) کو اس طرح کی درخواستوں پر غور کرنا چاہئے اور اس کی صداقت کی جانچ کے بعد فیصلہ لینا چاہئے۔ جے ای ای کا امتحان منگل کوصبح 9 بجے سے ملک بھر میں شروع ہوا ہے۔بنچ نے کہاکہ سیلاب کی وجہ سے بہت سارے اضلاع میں صورتحال سنگین ہے۔ طلباء کو اس کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہئے۔عدالت نے کہا کہ کوئی بھی امتحان سے محروم طالب علم اپنے سنٹر کوآرڈینیٹر کے توسط سے این ٹی اے کے سامنے درخواست داخل کرسکتا ہے۔ عدالت نے کہاکہ قومی جانچ ایجنسی کو درخواست پر غور کرنے اور متعلقہ ضلع کلکٹر سے مشورہ کرنے کے بعد 15 دن کے اندر فیصلہ لینا چاہئے۔