ملک میں کورونا کے 54 فیصد18 سے 44 سال کے درمیان

نئی دہلی:ملک میں کورونا وائرس کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ روزانہ اوسطا 70,000کے قریب معاملات رپورٹ کیے جارہے ہیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں مجموعی تعداد 37.60 لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔ وزارت صحت نے مریضوں اور کورونا سے ہونے والی اموات سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک میں 54 فیصد کیسز18 سے 44 سال کی عمر کے لوگوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم کورونا سے ہونے والی موت میں60 سال یا اس سے زائدلوگوں کی تعداد 51 فیصد ہے۔وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق 8 فیصد کیسز 17 سال سے کم عمر لوگوں میں پائے گئے ہیں۔ اس زمرے میں ایک فیصد اموات ہوئی ہیں۔ وہیں 18 سے 25 سال کے زمرے میں 14 فیصد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس عمر میںایک فیصد افراد کی وائرس کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ اسی طرح 40 فیصد کیسز26 سے 24 سال کی عمر کے لوگوں میں آئے ہیں جبکہ اس عمر کے اب تک11 فیصد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 45 سے 60 سال کی عمر میںیہ تعداد بالترتیب 26 اور 36 فیصد ہے۔ 60 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوںمیں کورونا کیسز کم پائے گئے ہیں، لیکن اس عمر کے لوگوں میں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ کورونا کے 12 فیصد کیسز 60 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوںمیں پائے گئے ہیں جبکہ اس عمر میں وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 51 فیصد ہے۔