ملک کی ترقی اورصالح معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار اہم

یومِ اساتذہ کے موقع پرملک وسماج کی بہتری کے لیے اساتذہ ومعلمین کی خدمات کو یاد کیاگیا
نئی دہلی:ملک کی ترقی اور ایک صالح معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کرام کا کردار غیر معمولی ہے،ہر دورمیںاساتذہ کا عمل و کردارکسی تہذیب اور ترقی یافتہ سماج کا عکس ہوتا ہے ،انسان کی ترقی، اس کی اقدار کی بلندی اور اس کی عملی جد وجہد میں اس کے اساتذہ کی روح اور اس کی تربیت کا اثر کار فرما ہوتا ہے،یوم ِ اساتذہ کو انھیں اساتذہ کی عظمت وبلندی کو یاد دلاتا ہے، ان خیالات کا اظہار یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک وسماج کی بہتری کے لیے اساتذہ ومعلمین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے مولانا جاوید صدیقی قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علما ہند صوبہ دہلی نے کیا۔میٹنگ میں اساتذہ کے حوالے سے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے ولی اللہی دارالافتا آن لائن فتوی کے صدر مفتی عبد الواحد قاسمی نے اساتذہ کو انسانی اقدار کی بلندی اور کائنات کی جلوہ گری کی ستون قرار دیا۔لاک ڈاؤن میں مدارس اور غیر سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی معاشی پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مفتی آصف اقبال قاسمی نے کہا کہ ہمیں اساتذہ کی عظمت وبرتری کا عملی اظہار کرتے ہوئے اس ناز ک وقت میں ان کے تعاون کی کوشش کرنی چاہیے۔میٹنگ میں موجود مولانا ولی اللہ قاسمی ڈائریکٹر قاسمی گرافکس وایجوکیشنل سینٹر نے مذہب اسلام میں اساتذہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اساتذہ کو بہترین مصلح اور پیغام بر قرار دیا۔