ملک بھر میں 1476کرونا ٹیسٹ لیباریٹریزقائم کی گئیں

نئی دہلی:پورے ملک میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کی جانچ کرنے والی لیباریٹریوں کی تعداد بڑھ کر 1,476ہوگئی ہے۔انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی طرف سے منگل کو جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا انفکشن کی جانچ کرنے والی لیباریٹریوں کی فہرست میں مزید چھ نام جڑ گئے۔ ان میں سرکاری 971اور پرائیویٹ لیباریٹریاں 505ہیں۔ اس وقت آر ٹی پی سی آر پر مبنی ٹیسٹ لیباریٹریاں 755(سرکاری 450، پرائیویٹ 305) ہیں جبکہ ٹرونیٹ پر مبنی ٹیسٹ لیباریٹریوں کی تعداد 604(سرکاری 487، پرائیویٹ 117) اور سی بی این اے اے ٹی پر مبنی ٹیسٹ لیباریٹریاں 117(سرکاری 34, پرائیویٹ 83) ہیں۔ ان 1,476لیباریٹریوں نے 17اگست کو 8,99,864نمونوں کی جانچ کی۔ اس طرح اب تک مجموعی طورپر 3,09,41,264 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 55,079نئے معاملے سامنے آنے سے اب تک انفیکشن کے شکار ہوئے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 27,02,742ہوگئی ہے حالانکہ 17اگست کو ریکارڈ 57,937کے اس بیماری سے نجات پانے اور 876مریضوں کی اموات سے فعال معاملات میں 3,734کی کمی آئی ہے۔ پورے ملک میں اس وقت انفیکشن کے 6,73,166فعال معاملے ہیں۔غور طلب ہے کہ پورے ملک میں 23جنوری تک صرف پنے کی ایک لیباریٹری میں کورونا وائرس جانچ کی سہولت تھی لیکن اب پورے ملک کی 1,476لیباریٹریاں کورونا وائرس کی جانچ کرنے میں مصروف ہیں۔