مختار عباس نقوی نے مودی کی طرف سے خواجہ کی درگاہ پر چادر چڑھائی،سہولت کمپلکس کا افتتاح

اجمیر:عظیم صوفی حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کے ۸۰۹ ویں عرس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے غلاف لے کر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور ، حکومتِ ہند محتار عباس نقوی اجمیر پہنچے۔ درگاہ شریف پہنچتے ہی نقوی نے کووڈ کی ہدایات کے مطابق چادر سونپ دی۔ خواجہ غریب نوازؒ کے دربار میں مسلسل یہ ساتواں سال ہے کہ نقوی مخملی چادر لے کر اجمیر پہنچے۔ نقوی صاحب نے نارنگی رنگ کی مخملی چادر لے کر مزار شریف پر حاضری دی اور وزیر اعظم کا پیغام ملک کے نام پڑھ کر سنایا۔ وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں خواجہ معین الدین چشتی کے ۸۰۹ ویں عرس کے موقع پر دنیا بھر میں موجود غریب نواز کے عقیدت مندوں کو مبارکباد اور نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ ساتھ ہی ملک اور تمام اہلِ وطن کے صحت تندرستی اور ترقی و خوشحالی کی امید جتائی۔
درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان، نائب صدر بابر اشرف دیگر ممبران فاروقِ اعظم ، مصباح الاسلام ، سید شاہد حسین رضوی ، قاسم ملک صاحب، سپات خان ، منور خان ،وسیم راحت علی خان اور ناظم درگاہ اشفاق حسین و تمام اسٹاف موجود رہے۔ان کے علاوہ سید معین حسین چشتی، سید واحد حسین انگارہ شاہ، سید مصبر چشتی، سید آلِ بدر چشتی، شیخ زادہ صداقت علی چشتی،شیخ زادہ احتشام چشتی، سید عبدالباری چشتی، سید افشان چشتی اورسجادہ نشین صاحب کے بڑے صاحبزادے سید نصیرالدین چشتی وغیرہ خاص طور سے موجود رہے۔
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اس موقعے پر درگاہ کمیٹی کے ذریعہ تعمیر کردہ سہولت کمپلکس کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر جملہ درگاہ کمیٹی کے ممبران نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ سہولت کمپلکس میں۶۶؍طہارت خانے، ۲۲ غسل خانے، وضو خانے ، دومنزلہ امانتی سامان گھر تعمیر کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ زائرین کے لئے ایک منزل پر رین بسیرا بھی تعمیر کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ درگاہ کے نواح میں سب سے زیادہ مسئلہ طہارت خانوں کا ہوتا تھا مگر اس وسیع و عریض سہولت کمپلکس کی تعمیر یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ نقوی صاحب نے بھی پوری درگاہ کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کو سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس کام کو سنہرے الفاظ میں یاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر اجمیر حلقہ کے ممبر آف پارلیمٹ شری بھاگرت چودھری بھی موجود تھے۔