مہاجر مزدوروں کی موت کے ریکارڈ والے بیان پرراہل گاندھی نے کہا:حکومت نے ریکارڈنہیں رکھا ،تو کیاموت نہیں ہوئی؟

نئی دہلی:کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے مودی سرکار کے اس جواب پر سخت حملہ کیا ہے، جس میں حکومت نے کہا ہے کہ اس کے پاس مہاجر مزدوروں کی ہلاکت سے متعلق کوئی ڈیٹا نہیں ہے۔ پیر کے روز پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے پہلے روز وزارت براے مزدور نے ایک تحریری جواب میں کہا تھا کہ حکومت کے پاس لاک ڈاؤن میں مہاجرمزدوروں کی ہلاکت کا ریکارڈ نہیں ہے، لہٰذا معاوضے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ منگل کو ایک ٹویٹ میں راہل گاندھی نے حکومت کے ردعمل پرلکھا کہ مودی حکومت کو نہیں معلوم کہ کتنے مہاجر مزدور لاک ڈاؤن میں ہلاک ہوئے اور کتنی ملازمتیں ضائع ہوئیں۔ آپ نے شمار نہیں کیا تو کیا موت نہیں ہوئی؟ افسوس کی بات ہے کہ ان کی موت کو لوگوں نے دیکھا ، زمانے نے دیکھا لیکن ایک مودی حکومت ہے جس کو کوئی خبر نہیں ہے۔ مودی حکومت نہیں جانتی کہ لاک ڈاؤن میں کتنے مہاجرمزدور ہلاک ہوئے اور کتنی ملازمتیں چلی گئیں۔