بھوپال:چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے کابینہ کے وزیر امرتی دیوی پر دییے گئے توہین آمیز بیان پر کانگریس پر حملہ کیا ہے۔ سی ایم شیوراج سنگھ چوہان نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ایک خط لکھ کر کمل ناتھ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شیو راج سنگھ چوہان نے کمل ناتھ کے تبصرے کے خلاف احتجاج میں دو گھنٹے ’مون برت ‘رکھا۔سونیا گاندھی کو لکھے گئے خط میں سی ایم شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ اسمبلی ضمنی انتخاب میں انتخابی مہم کے دوران سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے کابینہ کے وزیر اور شیڈیول کاشٹ کی ایک خاتون رہنما امرت دیوی کے بارے میں غیر مہذ ب تبصرہ کیا تھا ، صرف یہی نہیں وہ اس تبصرے کو درست بھی ٹھہرارہے ہیں ،مجھے لگتا ہے کہ ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے آپ اس پر غور کریں گی اور ان پر سخت کارروائی کریں گی۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ کمل ناتھ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں پارٹی کے تمام عہدوں سے ہٹائیں اور ان کی سخت مذمت کریں تاکہ آپ کی پارٹی کے قائدین جو خواتین کی توہین کرتے ہیں سبق حاصل کریں۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر اور سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے دبری کی انتخابی جلسہ عامہ میں امرت دیوی کو آئٹم قرار دیا تھا۔ امراتی دیوی ان اراکین اسمبلی میں شامل ہیں جو مارچ میں جیوتی رادیتیا سندھیا کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں۔ جس کی وجہ سے کمل ناتھ حکومت کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔