مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کورونا کی زد میں

بھوپال:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ اس کے بارے میں انہوں نے خود ٹویٹ کرکے معلومات دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے پیارے لوگو مجھے کورونا کی علامات نظرآرہی تھی ،ٹیسٹ کے بعد میری رپورٹ پازیٹیوآئی ہے۔ میں اپنے تمام ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جو بھی مجھ سے رابطے میں آیا ہے وہ اپنا کوروناٹیسٹ کروائے۔ میرے قریبی لوگوں کو قرنطین میں چلے جانا چاہئے۔کورونا پازیٹیوپائے جانے کے بعد وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ میں پوری طرح سے کورونا گائیڈ لائن پر عمل پیرا ہوں۔ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق میں خود کو قرنطین کروں گا اورعلاج کراؤں گا۔ میں اپنی ریاست کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ محتاط رہیں ذرا سی لاپرواہی کورونا کو دعوت دیتی ہے ۔ میں نے کورونا کے ساتھ محتاط رہنے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن لوگ اپنی پریشانیوں کو لے کر مجھ سے ملتے ہی تھے۔ میں ان سب لوگوں کو مشورہ دیتا ہوں جو مجھ سے ملے ہیں ٹیسٹ کروائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کورونا کا بروقت علاج کیا جائے تو کورونا مکمل طور پر ٹھیک ہوجاتا ہے۔ میں 25 مارچ سے ہر شام کورونا کی جائزہ میٹنگ کر رہا ہوں۔ میں زیادہ سے زیادہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کورونا کا جائزہ لینے کی کوشش کروں گا اور میری غیر موجودگی میں یہ اجلاس وزیر داخلہ ناروتم مشرا، شہری ترقی اور انتظامیہ کے وزیر بھوپندر سنگھ، وزیر صحت وتعلیم وشواس سارنگ اور وزیر صحت ڈاکٹر پربھو رام چودھری کریں گے۔