نئی دہلی: ملک میں کورونا کے معاملات ایک بار پھر تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ 40 فیصد نئے کیسز دارالحکومت دہلی سے موصول ہو رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ19 کے 2,927 نئے معاملات پائے گئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 98.75 فیصد ہے۔ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4,30,65,496 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 16,279 ہو گئی۔ بدھ کو مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے 32 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں اب تک کورونا سے 5,23,654 اموات ہو چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کووڈ-19 کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 16,279 ہو گئی ہے، جو کہ کل کیسز کا 0.04 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 643 کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مریضوں کی صحت یابی کی قومی شرح 98.75 فیصد ہے۔قابل ذکر ہے کہ 7 اگست 2020 کو ملک میں متاثرین کی تعداد 20 لاکھ، 23 اگست 2020 کو 30 لاکھ اور 5 ستمبر 2020 کو 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔ 16 ستمبر 2020 کو انفیکشن کے کل کیسز 50 لاکھ، 28 ستمبر 2020 کو 60 لاکھ، 11 اکتوبر 2020 کو 70 لاکھ، 29 اکتوبر 2020 کو 80 لاکھ اور 20 نومبر کو 90 لاکھ سے تجاوز کر گئے۔